اشتہار

ڈائری لکھنے کے حیرت انگیز فوائد

اشتہار

حیرت انگیز

              ایک زمانے میں ذاتی ڈائری لکھنے کا رواج نہایت عام تھا، ہر دوسرا شخص ڈائری لکھا کرتا تھا اور اس میں اپنے دن بھر کے واقعات درج کیا کرتا تھا۔

وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ یہ روایت ختم ہوتی گئی۔ جدید ٹیکنالوجی، موبائل فون، کمپیوٹر اور ٹیبلیٹس نے ایک طرف تو ڈائری کی جگہ لے لی تو ساتھ ہی اس وقت کو بھی مصروف کردیا جس وقت میں ڈائری لکھی جاتی تھی۔

لیکن کیا آپ جانتے ہیں ڈائری لکھنا آپ کو کیا کیا فوائد دے سکتا ہے؟

- Advertisement -

ماہرین کے مطابق روزانہ ڈائری لکھنا بہت سے جسمانی و دماغی فوائد پہنچا سکتا ہے۔ یہ عادت انسان کی قوت مدافعت کو بہتر بناتی ہے۔ ایک تحقیق کے مطابق ڈائری لکھنا سانس کے مرض استھما میں کمی کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔

ڈائری لکھنے کا سب سے اہم فائدہ دماغی تناؤ اور ڈپریشن میں کمی آنا ہے۔ ماہرین کے مطابق ڈائری میں اپنے جذبات اور احساسات لکھ لینا آپ کو دماغی طور پر پرسکون کرتا ہے جس سے آپ کے ڈپریشن میں کمی آتی ہے۔

یہ ایسا ہی ہے جیسے آپ کسی سے اپنی پریشانی کہہ کر اپنا دل ہلکا کرلیں۔

ڈائری لکھنے سے انسان کو اپنی غلطیوں کو سمجھنے، انہیں درست کرنے، ان سے سیکھنے اور مستقبل میں نہ دہرانے میں بھی مدد ملتی ہے۔

ہم دن بھر میں مختلف قسموں کی صورتحال سے گزرتے ہیں اور ان پر مختلف ردعمل دیتے ہیں، بعد میں ہمیں احساس ہوتا ہے کہ ہمارا ردعمل مناسب نہیں تھا۔

ڈائری لکھنے کی عادت کی صورت میں دن گزرنے کے بعد جب ہم نئے سرے سے اس صورتحال پر غور کرتے ہیں تو اس صورتحال کا تجزیہ کرنے اور اس پر مناسب ردعمل کے بارے میں سوچنے کے قابل ہوتے ہیں، یوں ہم جذباتی طور پر اپنے آپ کو بہتر بنا سکتے ہیں۔

ڈائری لکھنے کی عادت آپ کو برے دنوں میں بھی اچھی اور خوشگوار یادیں یاد کروا سکتی ہے جس سے آپ کے دکھ اور ڈپریشن میں کمی واقع ہوتی ہے۔

اور ہاں، یاد رہے کہ ماہرین کے مطابق ڈائری لکھنے کا مطلب لمبے چوڑے صفحات بھرنا نہیں، ایک مخصوص وقت میں چند سطروں میں اپنے دن بھر کا احوال لکھ دینے سے بھی آپ مندرجہ بالا فوائد حاصل کرسکتے ہیں۔

تو پھر آپ کب سے یہ فائدہ مند عادت اپنا رہے ہیں؟

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں