کراچی: پاکستان کی جانب سے فضائی حدود کھلنے کی اجازت دینے کے بعد ائیرٹریفک میں اضافہ ہوگیا۔
دنیا بھر کی فلائٹس پر نظر رکھنے والے ادارے کی رپورٹ کے مطابق اجازت ملنے کے بعد 17 گھنٹوں کے دوران 533 پروازوں نے پاکستانی فضائی حدود کو استعمال کیا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بھارت سے آنے والی 51 سے زائد پروازوں نے پاکستان کی فضائی حدود کو استعمال کیا۔
دوسری جانب نمائندہ اے آر وائی نیوز محمد صلاح الدین سے گفتگو کرتے ہوئے سول ایوی ایشن کے ڈائریکٹر جنرل نے بتایا کہ فضائی حدود کی بندش ختم ہونے کے بعد سے چند گھنٹوں کے اندر پانچ سو سے زائد پروازیں گزریں۔
یاد رہے کہ رواں برس فروری میں ہونے والی پاک بھارت کشیدگی کے باعث پاکستان نےاپنی فضائی حدود بھارت کے لیے بند کردی تھی جس کے بعد انڈیا کو کافی نقصان کا سامنا بھی کرنا پڑا۔
یورو ٹریفک کے مطابق روزانہ چار سو کے قریب پراوزیں پاکستانی فضائی حدود استعمال کرتے ہوئے بھارت، تہران، افغانستان و دیگر ممالک کا رخ کرتی تھیں، البتہ بندش کے بعد یہ سفر طویل ہوگیا تھا۔
پاکستان نے ایک روز قبل فضائی حدود کھولنے کا اعلان کیا جس کے بعد سے اب تک سیکڑوں کی تعداد میں کمرشل فلائٹس پاکستانی فضائی حدود کو استعمال کرتے ہوئے اپنی مقررہ منزل کی جانب رواں دواں ہوئیں۔
پاکستان کی جانب سے عائد ہونے والے پابندی کے بعد بھارت سے آنے اور جانے والی پروازوں کیلئے بھی اوور فلائنگ مکمل طور پر بند تھی ، سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے فضائی حدود علی الصبح بحال کی گئی اور نوٹم جاری کیا گیا۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے جاری نوٹم مین پروازوں کے لیے تمام روٹس کھولے جانے کی تصدیق کی گئی، فضائی حدود کی پابندی ختم ہونے کے بعد لاہور سے دہلی، بنکاک، کوالالمپور اور دیگر شہروں کی پروازیں بھی بحال ہو گئیں۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق پہلے شمال سے جنوب اور جنوب سے شمال کے صرف 3 روٹ کھلے تھے لیکن اب تمام روٹس پروازوں کے لیے کھول دیے گئے۔