لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی اور منیجنگ ڈائریکٹر وسیم خان نے انضمام الحق کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ انضمام الحق نے بطور چیئرمین سلیکشن کمیٹی شاندار خدمات انجام دیں۔
احسان مانی نے کہا کہ انضمام الحق لیجنڈ پلیئر اور ملکی کرکٹ کے رول ماڈل ہیں جنہوں نے بطور کھلاڑی اور چیف سلیکٹر ملک کی بھرپور خدمت کی ہے ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ تین سالہ دور میں ہمیں بہت سے نئے باصلاحیت نوجوان کھلاڑی ملے اور میں انضمام کا مشکور ہوں جنہوں نے قائدانہ صلاحیتوں اور کرکٹ کے وسیع تجربہ سے نوازا۔
ایم ڈی پی سی بی وسیم خان نے بھی چیئرمین سلیکشن کمیٹی کی خدمات کا سراہتے ہوئے کہا کہ انضمام الحق اپنے کام سے پی سی بی کے لیے مثال قائم کر گئے ہیں۔
ہم انضمام الحق کیلیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں اور ہمیں یقین ہے کہ مستقبل میں بھی پاکستان کرکٹ کی بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔
دوسری طرف پی سی بی کا کہنا ہے کہ بورڈ میں شفافیت اور پروفیشنلزم کے عزم کو برقرار رکھتے ہوئے ٹیم کے چیف سلیکٹر کے عہدے کے لیے اشتہار دے گا۔