لاہور: اٹارنی جنرل آف پاکستان انور منصور خان کا کہنا ہے کہ بھارت جاسوسی کے ذریعے پاکستان میں دہشت گردی پھیلانا چاہتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اے آروائی نیوز کے پروگرام باخبرسویرا میں اٹارنی جنرل پاکستان انور منصور خان نے کہا کہ عالمی عدالت نے جو فیصلہ دیا اس سے بہترنہیں ہوسکتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ عالمی عدالت میں پاکستان کی کھلی طور پرجیت ہوئی ہے، جو دلائل ہم نے عالمی عدالت میں پیش کیےانھیں تسلیم کیا گیا، کلبھوشن پاکستان میں ہی رہے گا۔
اٹارنی جنرل آف پاکستان نے کہا کہ ہم نے کم سے کم ثابت کردیا کہ بھارت دہشت گردی میں ملوث ہے، بھارت جاسوسی کے ذریعے پاکستان میں دہشت گردی پھیلانا چاہتا ہے۔
انور منصور خان نے کہا کہ میں فیصلے پرقوم اور پاک فوج کومبارکباد دیتا ہوں، عدالت ہی فیصلہ کرے گی کہ کس طرح سے رسائی دی جائے گی۔
عالمی عدالت انصاف: کلبھوشن یادو کی بریت کی بھارتی درخواست مسترد
یاد رہے کہ گزشتہ روز عالمی عدالت انصاف نے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کی بریت کی درخواست مسترد کردی تھی۔ عالمی عدالت انصاف کے صدر جج عبدالقوی احمد یوسف نے دی ہیگ کے پیس پیلس میں کلبھوشن کیس کا فیصلہ سنایا تھا۔
عالمی عدالت انصاف نے بریت کی بھارتی درخواست مسترد کرتے ہوئے موقف اپنایا کہ کلبھوشن یادیو کو سنائی جانے والی سزا کو ویانا کنونشن کے آرٹیکل 36 کی خلاف ورزی تصور نہیں کیا جاسکتا۔