تازہ ترین

موبائل گیم کی وجہ سے 15 سالہ ازدواجی رشتہ خطرے میں‌ پڑ گیا

نئی دہلی: بھارت کے شہر بنگلور میں موبائل فون کی وجہ سے پندرہ سالہ ازدواجی زندگی خطرے میں پڑ گئی۔

تفصیلات کے مطابق بھارت کے شہر بنگلور میں ایک بچہ اپنے والد کے موبائل پر گیم کھیل رہا تھا کہ اُس نے واٹس ایپ سے ایک نمبر پر بھیجے جانے والے پیغامات اور نمبر اپنی والدہ کو بتا دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 43 سالہ ناگا راجو نے اپنے چودہ سالہ بیٹے کو گیم کھیلنے کے لیے موبائل دیا تو اُس نے واٹس ایپ کھولا اور اپنے والد کے خاتون کو بھیجے جانے والے پیغامات کی داستان والدہ کو سنادی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق لڑکے نے اپنے والد کے واٹس ایپ پر بھیجے جانے والے آڈیو مسیجز نہ صرف خود سنے بلکہ یہ اپنی ماں کو بھی موقع ملتے ہی سنادیے۔

خاتون نے شوہر کے خلاف تھانے میں درخواست دی جس کے مطابق وہ ایک اسکول میں بطور معلم اپنے فرائض انجام دے رہی ہیں جبکہ بچوں کو ٹیوشن بھی پڑھاتی ہیں، ناگا راجو سے اُن کی شادی کو پندرہ برس کا عرصہ بیت چکا۔

متاثرہ خاتون نے پولیس کو آگاہ کیا کہ جب شوہر سے واٹس ایپ اور آڈیو میسجز کے حوالے سے سوال کیا تو انہوں نے مجھے اور بچے کو دھمکایا اور کہا کہ اگر یہ بات کسی کو بتائی تو نتائج کی ذمہ دار خود ہوگی۔

پولیس حکام کے مطابق راجو واٹس ایپ پر کسی اور خاتون سے محبت کرتا ہے، دونوں واٹس ایپ پر ایک دوسرے سے رابطے میں ہیں، چوری پکڑی جانے کے بعد شوہر اپنی اہلیہ پر مقدمہ واپس لینے کے لیے دباؤ ڈال رہا ہے اس لیے خاتون طلبی کے باوجود تھانے میں حاضر نہیں ہورہیں۔

پولیس کے مطابق شکایت درج کرانے پر کیس کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا۔

Comments

- Advertisement -