تازہ ترین

قومی مفادات کے لیے بلاول بھٹو کا حکومت کی غیر مشروط حمایت کا اعلان

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے قومی مفادات کے لیے حکومت کی غیر مشروط حمایت کا اعلان کردیا، ان کا کہنا تھا کہ تعمیری تنقید کرتا رہوں گا تاہم پاکستان کی حمایت کرنا اولین مقصد ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ دنیا سے تعلقات بہتر کرنے کی حکومتی کوشش کو سراہنا چاہیئے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ دنیا سے تعلقات بڑھانے کی حکومت کی کوشش کی حمایت کرتا ہوں، ضرورت پڑنے پر تعمیری تنقید کرتا رہوں گا تاہم پاکستان کی حمایت کرنا اولین مقصد ہوگا۔

واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان دورہ امریکا پر ہیں جہاں گزشتہ روز انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کی۔

پاکستان کی جانب سے ملاقات کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم نے امریکی کارپوریٹ سیکٹر کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی اور امریکی صدر کو پاکستان کے سماجی و اقتصادی ترقی پر نقطہ نظر سے آگاہ کیا۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ امریکی صدر نے جنوبی ایشیا میں امن پر وزیر اعظم کے نقطہ نظر کی تعریف کی۔ صدر ٹرمپ نے مسئلہ کشمیر کے حل میں ثالثی کا کردار ادا کرنے کی بھی پیشکش کی اور مذاکرات کے بعد امریکی صدر نے وزیر اعظم اور وفد کو وائٹ ہاؤس کا دورہ بھی کروایا۔

Comments

- Advertisement -