اسلام آباد : نیا پاکستان ہاوسنگ اسکیم میں رجسٹریشن کرانے کا آغاز کردیا ، آن لائن درخواست کیلئے رجسٹریشن فیس 250 روپے مقررکی گئی ہے ، فیس نادرا، ای سہولت ،موبائل فون ، کریڈٹ ،ڈیبٹ کارڈ سےجمع کرائی جاسکتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق نیا پاکستان ہاوسنگ اسکیم میں کم آمدن اور غریب افراد کے لیے پہلے آیئے پہلے پایئے کی بنیاد پر رجسٹریشن کرانے کا ملک گیر آغاز ہوگیا ہے۔
نیا پاکستان ہاوسنگ اینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے کہا آن لائن درخواست جمع کرانے کیلے رجسٹریشن فیس 250 روپے مقرر کی گئی ہے، فیس کسی بھی نادرا، ای سہولت ، ایزی پیسہ، جاز کیش فرینچایز ،کریڈٹ اور ڈیبیٹ کارڈ کے ذریعے جمع کراسکتے ہیں۔
نیا پاکستان ہاوسنگ اینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ فیس جمع کرانے کے بعد آن لائن فارم خود پر کریں، فارم کسی بھی قریبی نادرا ای سہولت فرینچایز سے بھی بغیر اضافی فیس کے پر کراوانے کی سہولت ہے۔
ہاوسنگ اسکیم میں شامل ہونے کے لیے nphp.nadra.gov.pk پر گھر بیٹھے آن لائن رجسڑیشن کرائیں۔
گذشتہ روز ترجمان نادرا کا کہنا تھا حکومتی منصوبے کیلئے رجسٹریشن کا عمل نادرا نے آسان بنا دیا، ایک ہفتے کے دوران 43 ہزار افراد نے رجسٹریشن کرا لی ہے۔
مزید پڑھیں : نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم، نادرا کی آن لائن رجسٹریشن سہولت کی پذیرائی
ترجمان کا کہنا تھا دیہی علاقوں میں ساڑھے 7 ہزار رجسٹریشن کرائی گئیں، 15 جولائی سےاب تک 43 ہزار افراد آن لائن رجسٹریشن کرا چکے ہیں۔
یاد رہے 15 جولائی کو وزیر اعظم عمران خان نے نیا پاکستان ہاؤسنگ رجسٹریشن کا افتتاح کیا تھا ، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان میں ہاؤسنگ شعبہ پیچھے رہ گیا ہے، غریب طبقہ کم آمدنی کی وجہ سے گھر نہیں بنا سکا، پاکستان میں ایک کروڑ سے زیادہ لوگ گھر بنانا چاہتے ہیں، کابینہ ہاؤسنگ سے متعلق کل نئے ضوابط منظور کرے گی۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ غریب لوگوں کے لیے 10 ہزار گھروں کی قرعہ اندازی کریں گے، ان کو ڈیڑھ سال میں گھر بنا کر دیے جائیں گے۔
خیال رہے نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کے تحت متوسط طبقے کو انتہائی آسان اقساط پر گھردیئے جائیں گے، ہاؤسنگ اسکیمز میں اسکول، مساجد، کمیونٹی سینٹر اور میڈیکل سینٹرز کی سہولت بھی دستیاب ہو گی۔
گھروں کی مرحلہ وار تعمیر کے ساتھ ساتھ چالیس سے زائد تعمیراتی صنعتوں کو فروغ ملے گا، جہاں ساٹھ لاکھ سے زیادہ ہنر افراد کو روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے وہیں رئیل اسٹیٹ کی مد ملکی معیشت میں کھربوں روپے اضافہ ہو گا جبکہ اوورسیز پاکستانیوں کے لئے دس فیصد کوٹہ ہوگا۔