لاہور: سری لنکن فاسٹ بولر لیستھ ملینگا کل اپنا آخری ون ڈے میچ بنگلادیش کے خلاف کھیلیں گے۔
تفصیلات کے مطابق سری لنکن فاسٹ بولر لیستھ ملینگا (کل) 26 جولائی کو اپنا آخری ون ڈے میچ کھیلیں گے جبکہ کپتان کرونا رتنے نے ان کی ریٹائرمنٹ کی تصدیق کردی۔
225 میچ کھیلنے والے میلنگا کو سری لنکا کی جانب سے سب سے زیادہ 335 وکٹ حاصل کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔ ان کا نام بنگلا دیش کے خلاف سیریز کے لیے اعلان کردہ ٹیم میں شامل کیا گیا۔
کپتان کرونارتنے کے مطابق میلنگا 26 جولائی کو کولمبو کے پریما داسا اسٹیڈیم میں اپنا آخری ون ڈے میچ کھیلیں گے، میلنگا ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کھیلتے رہیں گے اور اس بات کے امکانات ہیں کہ وہ اگلے سال آسٹریلیا میں شیڈول ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کھیل کر ہر قسم کی کرکٹ کو خیرباد کہہ دیں گے۔
دو روز قبل اپنے ایک بیان میں سری لنکن ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ ملنگا کی ریٹائرمنٹ ہمارے لیے بہت بڑا مسئلہ ہے کیونکہ وہ نہ صرف اہم باؤلر تھے بلکہ اچھی کارکردگی بھی دکھاتے تھے۔ اُن کا کہنا تھا کہ ابھی فی الحال ہمارے پاس ایسی کوالٹی والا کوئی باؤلر نہیں جو میچ کا ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوسکے یا مخالف ٹیم پر اُس کا رعب ہو۔
ملنگا کا ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان
انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ ہم ایسے باؤلرز کی تلاش میں گزشتہ ایک ماہ سے لگے ہوئے تھے جو ابتدائی اوورز میں نئی گیند کے ساتھ وکٹیں لینے کی صلاحیت رکھتا ہو البتہ ابھی تک اس حوالے سے کوئی خاص کامیابی نہ مل سکی۔