لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہا ہے کہ محمد عامر کے ریٹائرمنٹ کے فیصلے سے انہیں کوئی حیرانگی نہیں ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محمد عامر ریٹائرمنٹ کے بارے میں ایک سال سے سوچ رہے تھے، ان کی ریٹائرمنٹ کے فیصلے سے کوئی حیرانگی نہیں ہوئی ہے۔
انہوں ںے کہا کہ ٹیسٹ میچز میں عامر کو فٹنس مسائل کا سامنا تھا، اس میں کوئی شک نہیں کہ عامر دورہ حاضر کے بہترین بولروں میں سے ایک ہیں اور ہمیشہ اپنا لوہا منوانے میں کامیاب رہے ہیں۔
مکی آرتھر نے کہا کہ خوشی ہوتی ہے اگر عامر ٹیسٹ میچز میں بھی اپنا کیریئر جاری رکھتے لیکن عامر کے فیصؒے کی عزت کرتا ہوں۔
مزید پڑھیں: مکی آرتھر کی کرکٹ بورڈ حکام سے ملاقاتیں، کارکردگی رپورٹ جمع کرادی
یاد رہے کہ گزشتہ روز ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے ورلڈ کپ، انگلینڈ سیریز پر رپورٹ ڈائریکٹر انٹرنیشنل کو جمع کرائی تھی، ہیڈ کوچ کی رپورٹ کرکٹ کمیٹی اجلاس میں زیر بحث آئے گی۔
مکی آرتھر نے اپنی رپورٹ میں کہا تھا کہ بدقسمتی سے ورلڈ کپ کا آغاز اچھا نہیں کرسکے، پاکستان ٹیم نے آخری چار میچز میں اچھا کم بیک کیا۔
ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم فیلڈنگ مسائل کا شکار ہے جسے بہتر کرنے کی ضرورت ہے، نوجوان کھلاڑیوں کو مواقع دینے سے قومی ٹیم کو فائدہ ہوا۔
علاوہ ازیں ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کرکٹ ٹیم کے انڈر 19 کھلاڑیوں کے کیمپ کا دورہ کیا تھا اور کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔