اتوار, جولائی 6, 2025
اشتہار

میئر کے ساتھ کراچی کی صورت حال بہتر کرنے کی کوشش کریں گے: علی زیدی

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی نے کہا ہے کہ وہ میئر کراچی وسیم اختر کے شانہ بشانہ کراچی کی صورت حال بہتر کرنے کی کوشش کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر علی زیدی نے مون سون کی بارشوں کے بعد کراچی کی بگڑی حالت سے متعلق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں بارش ہوئی مگر 38 برساتی نالے بند تھے، میئر کراچی سے مل کر حالات ٹھیک کریں گے۔

انھوں نے کہا کہ قیوم آباد، یونی ورسٹی روڈ، اورنگی ٹاؤن اور سولجر بازار میں سیلاب آیا ہوا ہے، کراچی اس ملک کی شہ رگ ہے، یہ چلے گا تو ملک چلے گا، اس لیے کراچی کو بے یار و مدد گار نہیں چھوڑا جا سکتا۔

علی زیدی کا کہنا تھا کہ میئر کراچی 3 سال سے صوبائی حکومت سے وسائل مانگ رہے ہیں، پانی، سیورج اور گلیوں کی صفائی کی ذمہ داری صوبائی حکومت کی ہے، سندھ کی حکومت ذمہ داری ادا کرنے میں ناکام رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:  میئر کراچی وسیم اختر کا کراچی کی صورت حال پر علی زیدی کو خط

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کراچی کو صوبائی حکومت کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا، سندھ حکومت کی غفلت کی وجہ سے کراچی کے مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے، نالے بند ہیں، کچرا سمندر میں جاتا ہے، ساڑھے 5 سو ملین گیلن گٹر کا پانی روزانہ سمندر میں پھینکا جاتا ہے اور سندھ حکومت کچھ نہیں کرتی۔

انھوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی 11 سال سے سندھ میں حکومت کر رہی ہے، میئر کراچی کا بول بول کر گلہ خشک ہو گیا وسائل دیں، محمود آباد میں بھی ہم اپنی مدد آپ کے تحت کچرا اٹھواتے تھے، بارش کی تباہی سے پورا کراچی متاثر ہوا ہے، 18 ویں ترمیم کے بعد ساری ذمہ داری صوبائی حکومت کی ہے، صرف گھومنے سے گٹر صاف نہیں ہوتے، پہلے سے پلان کرنا ہوتا ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں