کراچی: شہر قائد میں دو دن برسنے والی بارش کے بعد متعدد علاقوں میں طغیانی اور سیلابی ریلے کے باعث حادثات رو نما ہو رہے ہیں، ریلے میں بہہ کر ایک بچہ جاں بحق جب کہ 3 لا پتا ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق نیو کراچی ایوب گوٹھ میں 8 سالہ بچہ ثاقب سیلابی ریلے کا شکار ہو گیا، ریلے میں بہنے والے بچے کی تلاش تا حال جاری ہے۔
ملیر عثمان خاصخیلی گوٹھ میں بھی 2 بچے سیلابی ریلے میں ڈوبے جن میں سے ایک بچہ مل گیا ہے تاہم دوسرے بچے کی تلاش جاری ہے۔
ادھر نیو سبزی منڈی برساتی ریلے میں ڈوب کر 3 سالہ امجد جاں بحق ہو گیا ہے، لیاری ندی تین ہٹی کے قریب بھی گزشتہ روز 3 بچے ڈوبے تھے جن میں سے 2 بچوں کو نکال لیا گیا تاہم تیسرے بچے عثمان کی تلاش دوسرے روز بھی جاری رہی۔
یہ بھی پڑھیں: دو روز کے دوران کرنٹ لگنے سے جاں بحق افراد کی تعداد 15 ہو گئی
واضح رہے کہ مون سون کی بارشوں میں کراچی کے شہری کے الیکٹرک کی شدید نا اہلی کے باعث بجلی کے ننگے تاروں سے کرنٹ کا بھی شکار ہوتے رہے۔
اب تک بارشوں میں کرنٹ لگنے سے 16 افراد زندگی سے ہاتھ دھو چکے ہیں، کئی مقامات پر بجلی کے تار ٹوٹ کر گرے ہیں، جو اموات کا باعث بنے۔
کرنٹ لگنے سے ڈیفنس، گلشن جوہر، محمود آباد، ملیر، بوٹ بوسن، نارتھ ناظم آباد اور فشری کے علاقے میں اموات ہوئیں۔