تازہ ترین

قومی ترانہ وائلن پر کیوں بجایا؟ عراق میں تنازع کھڑا ہوگیا

بغداد: فٹبال چیمپئن شپ کے دوران عراق کا قومی ترانہ وائلن پر بجانے پر تنازع کھڑا ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق عراق میں ہونے والی مغربی ایشیائی چیمپئن شپ کی افتتاحی تقریب میں منتظمین نے قومی ترانے کو وائلن پر بجایا اور اس پر خواتین نے بھی رقص کیا۔

عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق عراق کے مذہبی حلقوں نے قومی ترانے کو وائلن پر بجانے پر اعتراض کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ جس گلوکارہ نے قومی ترانہ وائلن پر گایا اُس کو کڑی سزا دی جائے۔

عوام اور مذہبی جماعتوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فٹبال فیڈریشن اور میچ منتظمین کے خلاف بھی سخت اقدامات بروئے کار لائے کیونکہ میوزک کی دھن پر ترانے کی توہین کی گئی۔

رپورٹ کے مطابق چیمپئن شپ کی افتتاحی تقریب کربلا شہر میں منعقد ہوئی تو وہاں پر رہائشی اکثریتی عوام نے اس اقدام کو کربلا کی توہین قرار دیا۔

عراق کے شیعہ وقف بورڈ کی جانب سے نیشنل فٹبال فیڈریشن کے خلاف عدالت میں بھی توہین ترانہ کی درخواست دائر کی گئی جس میں وائلن پر قومی ترانہ پیش کرنے کو مقدسہ کی توہین، اخلاق اور آداب عامہ کے خلاف قرار دیا گیا۔

دوسری جانب کربلا کی مقامی حکومت کا کہنا ہےکہ فٹ بال مقابلے کی افتتاحی تقریب میں ترانے کے بعد کچھ حلقوں نے اعتراض کیا اس اقدام میں حکومت کا کوئی کردار نہیں جبکہ معاملہ سامنے آنے کے بعد اس کی تفتیش شروع کردی گئی۔

Comments

- Advertisement -