اسلام آباد: امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد کے دورہ پاکستان کا اعلامیہ جاری کردیا گیا، انہوں نے یکم اور 2 اگست کو پاکستان کا دورہ کیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد کے دورے پاکستان کا اعلامیہ جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق زلمے خلیل زاد نے وزیراعظم عمران خان، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقاتیں کیں، انہوں نے آرمی چیف قمر جاوید باجوہ سے بھی ملاقات کی۔
اعلامیہ کے مطابق زلمے خلیل زاد نے افغان مفاہمتی عمل میں مثبت پیش رفت سے آگاہ کیا، انہوں نے افغان امن عمل کے لیے آئندہ کی حکمت عملی پر بھی بات کی۔
ملاقات میں پاکستان کے تعاون، آئندہ کے مثبت اقدامات پر بھی توجہ مرکوز رہی، زلمے خلیل زاد نے کہا کہ پاکستان، افغانستان اپنی سرزمین ایک دوسرے کے خلاف استعمال نہ ہونے دیں۔
مزید پڑھیں: زلمے خلیل زاد کی وزارتِ خارجہ آمد، شاہ محمود قریشی سے ملاقات
امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے کہا کہ دوطرفیہ یقین دہانیاں، افغان فریقین میں معاون ہوں گی، افغان امن معاہدہ علاقائی معاشی استحکام، ترقی میں مددگار ثابت ہوگا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز شاہ محمود قریشی سے ملاقات میں زلمے خلیل زاد نے دوحہ میں ہونے والے امریکا، طالبان مذاکرات کے 7 ویں دور میں پیش رفت سے آگاہ کیا، امریکی نمایندے نے اپنے حالیہ دورۂ کابل کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا تھا۔
اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا تھا کہ دوحہ میں انٹرا افغان امن مذاکرات میں ہونے والی پیش رفت اور دوحہ مذاکرات کے بعد جاری ہونے والا مشترکہ اعلامیہ خوش آیند ہے۔