راولپنڈی : آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے ملاقات کی، ملاقات میں افغانستان میں جاری مفاہمی عمل پرتبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان زلمے خلیل زاد نے ملاقات کی ہے، جی ایچ کیو میں ہونے والی اس ملاقات میں افغانستان کی موجودہ صورتحال سے متعلق امورپر بات چیت کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں شخصیات کی ملاقات میں پاک امریکہ مشترکہ مقاصد کے حصول کیلئے تعاون اور اقدامات جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان خطے میں دیرپا امن کیلئے تمام تر اقدامات یقینی بنائے گا، فروغ امن کیلئے اپنی بھرپور صلاحیتیں استعمال کرے گا۔ زلمےخلیل زاد نے قیام امن کیلئے پاکستان کی سنجیدہ کوششوں کی تعریف کی۔
واضح رہے کہ مریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد ان دنوں پاکستان کے دورے پر ہیں، اس دوران انہوں نے وزیراعظم عمران خان، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور آرمی چیف قمر جاوید باجوہ سے ملاقاتیں کیں۔
زلمے خلیل زاد نے پاکستانی حکام کو افغان مفاہمتی عمل میں مثبت پیش رفت سے آگاہ کیا، انہوں نے افغان امن عمل کے لیے آئندہ کی حکمت عملی پر بھی بات کی۔
افغان امن عمل کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز سے رابطے میں ہیں: وزیر اعظم کی زلمے خلیل زاد سے ملاقات
ملاقاتوں میں پاکستان کے تعاون، آئندہ کے مثبت اقدامات پر بھی توجہ مرکوز رہی، زلمے خلیل زاد نے کہا کہ پاکستان، افغانستان اپنی سرزمین ایک دوسرے کے خلاف استعمال نہ ہونے دیں۔