جمعہ, مئی 16, 2025
اشتہار

سینیٹ میں تحریک عدم اعتماد کی ناکامی، بلاول بھٹو نے فیکٹس فائنڈنگ کمیٹی بنادی

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے چیرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی ناکامی پر پارٹی پالیسی کے خلاف ووٹ دینے والے سینیٹرز کو بے نقاب کرنے کے لئے فیکٹس فائنڈنگ کمیٹی بنادی۔

تفصیلات کے مطابق اپوزیشن کی چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی ناکامی پر پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پانچ رکنی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی تشکیل دے دی۔

کمیٹی میں سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی ، سینیٹر فرحت اللہ بابر، نیر بخاری، صابر بلوچ اور سعید غنی بھی شامل ہیں۔

پیپلز پارٹی کی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی نے چھ اگست کو اسلام آباد میں اجلاس طلب کرلیا ، اجلاس میں سینیٹ میں تحریک عدم اعتماد کی ناکامی کی وجوہات کا جائزہ لیا جائے گا اور یہ بھی جائزہ لیا جائے گا کہ کس سینیٹر نے ضمیر بیچا اور ووٹ کس طرح سے ڈالے گئے۔

ذرائع کا کہنا ہے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی جلد تحقیقات کرکے بلاول بھٹو زرداری کو اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔

بلاول بھٹو کے ترجمان مصطفی نواز کھوکھر نے کہا فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کانوٹیفکیشن کل تک جاری ہوگا،کمیٹی میں چاروں صوبوں کے رہنما شامل ہوں گے، پیپلز پارٹی واحد پارٹی ہے، جس کےتمام ارکان نےاستعفے جمع کرادیئے ہیں ۔

یاد رہے کہ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرائی گئی تھی جس کی 64 اراکین نے حمایت کی تھی البتہ جب خفیہ رائے شماری ہوئی تو قرارداد کے حق میں صرف پچاس ووٹ پڑے، مطلوبہ تعداد کا ایک چوتھائی ووٹ نہ ملنے کے سبب قرار داد مسترد کردی گئی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں