کراچی: سندھ کابینہ نے صوبے میں گاڑیوں کی رجسٹریشن بکس کی بہ جائے ایم وی آر اسمارٹ کارڈ جاری کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ میں موٹر وہیکل رجسٹریشن بکس کی جگہ خصوصی سیکورٹی فیچرز کے حامل اسمارٹ MVR کارڈز متعارف کرانے کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت کابینہ اجلاس میں سندھ موٹر وہیکل رولز 1969 میں ترمیم پر بحث کی گئی، بعد ازاں کابینہ نے اس اہم منصوبے کی منظوری دے دی۔
مذکورہ اہم ترمیم کا مقصد گاڑیوں کے لیے رجسٹریشن بُک جاری کرنے کی بہ جائے ایم وی آر اسمارٹ کارڈ جاری کیا جانا ہے جس میں خصوصی سیکورٹی فیچرز ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: گاڑیوں کی رجسٹریشن پر 10 ہزار روپے ٹوکن ٹیکس کی تجویز منظور
اسمارٹ کارڈ کی فیس 750 روپے ہوگی جب کہ کارڈ گم ہونے کی صورت میں ڈپلیکیٹ کارڈ کی فیس 800 روپے ہوگی، واضح رہے کہ گاڑیوں کی رجسٹریشن بُک کی فیس 1000 روپے تھی۔
کابینہ اجلاس میں شہر کے 253 مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کی بھی منظوری دی گئی، اس سلسلے میں عبادت گاہوں کو خصوصی طور پر مدِ نظر رکھا گیا، اور کہا گیا کہ مندر، چرچ، گوردواروں پر سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جائیں گے۔
اس سلسلے میں اجلاس میں این آر ٹی سی کو کنٹریکٹ دینے کے لیے سیپرا رولز میں رعایت کی بھی منظوری دی گئی۔
کابینہ میں گرین لائن کو سرجانی ٹاؤن اور نمایش کے بی آرٹی ایس پروجیکٹ کے لیے مختص کرنے کی منظوری بھی دی گئی، جس کے لیے اب محکمہ بلدیات کے قانون میں ترمیم کی جائے گی۔