ایل پاسو: امریکی ریاست ٹیکساس میں واقع شاپنگ مال میں فائرنگ سے 20 افراد ہلاک اور درجنوں افراد زخمی ہوگئے، پولیس نے فائرنگ میں ملوث 21 سالہ ملزم کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ایل پاسو کے سیلو وسٹا شاپنگ مال میں فائرنگ کے نتیجے میں 20 افراد ہلاک جبکہ 40 زخمی ہوگئے پولیس نے فائرنگ میں ملوث ایک سفید فام لڑکے پیٹرک کو گرفتار کیا ہے۔
فائرنگ ایل پاسو کے سیلو وسٹا شاپنگ مال میں ہوئی جو کہ میکسیکو بارڈر سے چند میل کے فاصلے پر ہے۔
ایل پاسو پولیس چیف کے مطابق فائرنگ کے واقعے میں 20 افراد ہلاک جبکہ 40 زخمی ہیں جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا، کئی افراد کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔
ایل پاسو پولیس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک پیغام جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ زخمیوں کو بچانے کے لیے خون درکار ہے، مخیر عوام خون کا عطیہ دیں۔
امریکی میڈیا نے 21 سالہ حملہ آور کا نام پیٹرک کروسئس بتایا ہے اور وہ ڈلاس کے علاقے کا رہائشی ہے۔
دریں اثنا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ ایل پاسو شاپنگ سینٹر میں فائرنگ کے حوالے سے بری اطلاعات ہیں، کئی لوگ ہلاک ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقامی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والوں کے ساتھ ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے گورنر کو ہدایت دی ہے کہ وفاقی حکومت کی طرف سے مکمل تعاون فراہم کیا جائے۔
Terrible shootings in ElPaso, Texas. Reports are very bad, many killed. Working with State and Local authorities, and Law Enforcement. Spoke to Governor to pledge total support of Federal Government. God be with you all!
— Donald J. Trump (@realDonaldTrump) August 3, 2019