راولپنڈی: ڈاکٹر نوید اختر کا کہنا ہے کہ قربانی کے جانوروں کی خرید وفروخت کے لیے جانے والے شہری محکمہ صحت کی طرف سے دی گئی احتیاطی تدابیر ضرور اپنائیں۔
تفصیلات کے مطابق قائم مقام چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ راولپنڈی ڈاکٹر نوید اختر کا کہنا ہے کہ عید الاضحیٰ کے موقع پر ضلع راولپنڈی میں قربانی کے جانوروں کی کثیر تعداد میں آمد کے پیش نظر کانگو سے بچاﺅ کے حوالے سے ہر ممکنہ انتظامات کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اب تک کانگو بخار کی کوئی ویکسین ایجاد نہیں ہوئی لہذا احتیا طی تدابیر اپنا کر اس بیماری سے بچا جا سکتا ہے۔
ڈاکٹر نوید اختر نے کہا کہ شہریوں کو کانگو سے بچاﺅ کے لیے مویشی بردار گاڑیوں میں موجود جانوروں کو چیچڑ مار اسپرے کرنے کے لیے ضلع بھر کے تمام داخلی راستوں پر محکمہ لائیواسٹاک کا عملہ بمعہ ادویات اپنی ڈیوٹی سر انجام دے رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قربانی کے جانوروں کی خرید وفروخت کے لیے جانے والے شہری محکمہ صحت کی طرف سے دی گئی احتیاطی تدابیر ضرور اپنائیں۔
ڈاکٹر نوید اختر نے کہا کہ مویشی منڈیوں میں ہلکے رنگ اور پوری آستنوں والے لباس پہن کر جائیں اور مویشیوں کا معائنہ ہاتھوں میںں دستانے پہن کر کریں، بند جوتے موزوں کے ساتھ پہن کر مویشی منڈی میں جائیں اورمنڈی سے واپسی کے بعد لباس کا چیچڑوں کے حوالے سے معائنہ کیا جائے اور فوری طور پر نہا لیں-
انہوں نے کہا کہ لباس اور جسم کے کھلے حصوں پر حشرات لوشن لگا کر جائیں۔ محکمہ صحت کی طرف سے شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ اگر لباس پر چیچڑ نظر آئیں تو گھبرائیں نہیں اور کپڑے، چمٹی یا پھر ٹشو کی مدد سے چیچڑوں کو جلد کے قریب سے ہٹائیں چیچڑوں کے کاٹنے کی جگہ کو صابن سے دھوئیں اور جراثیم کش دوا لگائیں۔