جمعرات, مئی 15, 2025
اشتہار

کرائسٹ چرچ حملے میں شہید کی بیوہ کو دلاسہ دینا سعودی وزیرکا جرم بن گیا

اشتہار

حیرت انگیز

ریاض : کرائسٹ چرچ حملے میں شہید کی بیوہ کو دلاسہ دینا سعودی وزیرکا جرم بن گیا، سوشل میڈیاصارفین نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ائیرپورٹ پر بیوہ فرط جذبات سے روپڑیں،سعودی وزیر نے ماتھے پر بوسہ دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے وزیر برائے امور اسلامیہ، دعوت وارشاد شیخ عبداللطیف آل الشیخ کی سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی، جس میں وہ گذشتہ برس کرائسٹ چرچ میں مسجد پر حملے میں جاں بحق ہونے والے ایک شخص کی بیوہ کو دلاسہ دیتے دیکھے جا سکتے ہیں۔

وزیر امور اسلامیہ نیوزی لینڈ سے آنے والے ان حاجیوں کو خوش آمدید کہنے ہوائی اڈے پر گئے، جہاں ان کی گفتگو سن کر ایک خاتون فرط جذبات سے رو پڑیں۔

عرب ٹی وی کے مطابق ویڈیو میں عبداللطیف آل الشیخ صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے کہ اچانک ان کی توجہ آنسوؤں سے رو دینے والی ایک خاتون کی جانب مبذول کرائی گئی تو وزیر صاحب نے خاتون کو دلاسہ دینے کے انداز میں انہیں ماتھے پر بوسہ دیا۔

ایک صارف فضیلہ الجفال نے اس منظر پر مبنی ویڈیو ٹویٹر پر پوسٹ کر دی، جس کے بعد اسے دیکھنے والوں کی بڑی تعداد نے ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا ۔

مزید پڑھیں : سانحہ کرائسٹ چرچ شہداء کے اہلخانہ سعودی بادشاہ کی دعوت پر مکہ مکرمہ پہنچ گئے

متعدد ٹویٹر صارفین نے وزیر موصوف کے ردعمل کو اسلامی احکامات کی روشنی میں نامناسب قرار دیا، تاہم اتنی ہی بڑی تعداد میں صارفین نے عبداللطیف آل الشیخ کے ردعمل کو انسانیت اور رحمدلی کا مظہر قرار دیا ہے۔

خیال رہے کرائسٹ چرچ میں دہشت گردی کا نشانہ بننے والے متاثرہ افراد کے اہل خانہ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی دعوت پر فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے مکہ مکرمہ پہنچے ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں