ہفتہ, مئی 10, 2025
اشتہار

سی اے اے کا بارشوں سے متعلق الرٹ جاری، عید پر پاک فضائیہ کی شہریوں سے اپیل

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : سی اے اے نے بارشوں سے متعلق الرٹ جاری کردیا، پاک فضائیہ نے بھی شہریوں سے اپیل کی ہے کہ عیدالاضحیٰ پر جانوروں کی آلائشیں مقرر کردہ جگہ پر پھینکیں تاکہ پرندوں کی وجہ سے جہازوں کو نقصان نہ پہنچے۔

تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی کراچی میں متوقع بارشوں کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا، سی اے اے نے تمام ایئرلائنز کو بھی موسم کی صورتحال سے آگاہ کردیا ہے۔

اس حوالے سے ائیرپورٹ پر محکمہ فائر اور ایئرسائڈ کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہدایات جاری کردی گئیں ہیں۔

ایئرپورٹ منیجر کی جانب سے بھی کپتانوں کو کہا گیا ہے کہ رن وے پر طیاروں کی لینڈنگ کے وقت احتیاط کی جائے، اس کے علاوہ چھوٹے طیاروں اور ہیلی کاپٹرز کے ساتھ اضافی وزن لگائے جائیں، انہوں نے مزید کہا کہ کچھ طیاروں کو بارش اور تیزہواؤں سے بچانے کیلئے شیلٹرزمیں منتقل کیا جائے۔

علاوہ ازیں پاک فضائیہ اور سی اے اے کی جانب سے شہریوں کی آگاہی کیلئے مہم شروع کردی گئی ہے جس کے مطابق عیدالاضحیٰ کے موقع پر جہازوں سے پرندوں کے ٹکراؤ اور ہوائی سفر کو محفوظ بنانے کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات جاری گئی ہیں۔

سی اے اے اور پاک فضائیہ حکام کا کہنا ہے کہ عید الاضحی پر شہری ذمہ داری کا ثبوت دیں آلائشیں مقرر کردہ جگہ پر پھینکیں تاکہ وہاں آنے والے پرندوں کی وجہ سے جہازوں کو نقصان نہ پہنچے اور سفر محفوظ رہے۔

آلائشوں پر آنے والے پرندے کسی بھی جہاز کے لئے انتہائی خطرناک ثابت ہوسکتے ہیں، شہریوں کی جانب سے پھینکے گئے فضلہ پر منڈلانے والے پرندوں کا جہازوں سے ٹکراوٴ ایک ناقابل تلافی نقصان کا باعث بھی بن سکتا ہے۔

ائیرپورٹس اور پاک فضائیہ کے بیس کے اطراف گندگی کے باعث پرندوں کی آمد کے سبب طیاروں کو لینڈنگ اور ٹیک آف کے دوران خطرات لاحق ہوتے ہیں۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی اور پاک فضائیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ عید الاضحی پر جانوروں کی آلائشوں کو سڑکوں پر پھینکنے کے بجائے مختص کردہ جگہوں پر جمع کریں تاکہ پرندے راغب نہ ہوں۔

لہٰذا شہری اپنی ذمہ داری محسوس کرتے ہوئے جانوروں کی آلائشیں مقررہ مقامات پر ڈالیں تاکہ فضائی سفر کو محفوظ بنانے اور ملک کے قیمتی اثاثے بھی محفوظ رہ سکیں۔

اہم ترین

محمد صلاح الدین
محمد صلاح الدین
محمد صلاح الدین اے آروائی نیوز سے وابستہ سینئر صحافی ہیں اور ایوی ایشن سے متعلقہ امور کی رپورٹنگ میں مہارت رکھتے ہیں

مزید خبریں