منگل, جولائی 1, 2025
اشتہار

چین نے مسئلہ کشمیر پر اپنی ہر ممکن حمایت کا یقین دلایا ہے، شاہ محمود قریشی

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ چین نے پاکستان کے کور نیشنل ایشو اور سیکیورٹی کونسل جانے سے متعلق مکمل حمایت کا یقین دلایا ہے، وزیراعظم عمران خان اقوام متحدہ میں پاکستان اور کشمیریوں کامقدمہ پیش کرینگے۔

یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں دورہ چین سے متعلق صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میرا دورہ چین بروقت اور مفید رہا، ڈی جی ساؤتھ ایشیا اور ڈی جی یو این بھی ہمراہ تھے۔

چین میں نشستیں بہت مختصرسے وقت میں کی گئیں، چین میں موقع ملا کہ کشمیر معاملے پر پاکستانی موقف پہنچا سکوں، دورہ چین میں پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کاتذکرہ بھی ہوا۔

انہوں نے کہا کہ چین نے سیکیورٹی کونسل جانے سے متعلق مکمل حمایت کا یقین دلایا ہے، چین نے نیویارک کے نمائندے کو معاملے سےمتعلق ہدایات بھی دیں، وزیر اعظم عمران خان اقوام متحدہ میں پاکستان اور کشمیریوں کامقدمہ پیش کرینگے، چین نے ایک مرتبہ پھر ثابت کیا کہ وہ پاکستان کا ہر آڑے وقت کا ساتھی ہے۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ چین اور پاکستان نے ڈی جی سطح پر ایک ایک ممبر نامزد کردیا ہے، چین سمجھتا ہے بھارت نے کشمیر سے متعلق یکطرفہ اقدامات اٹھائے، مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر انسانی حقوق کمیشن سے رجوع کرنے پر غور کر رہے ہیں۔

بھارت تاثر دینا چاہتا ہے کہ فکر کی بات نہیں، یہ اندرونی معاملہ ہے، آرٹیکل370کی پاکستان کی نظر میں کوئی اہمیت نہیں، آرٹیکل370پر پاکستان شور شرابا کرنے کا حق رکھتا ہے، بھارت نے شاطرانہ چال سے کشمیر کی خصوصی حیثیت بدلنے کی کوشش کی۔

مقبوضہ کشمیر میں بے گناہوں کی شہادتوں کی بھی اطلاعات ہیں   

مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی انسانی حقوق کی مزید پامالی کا خدشہ پہلے بھی تھا، مقبوضہ کشمیر میں آج کرفیو کو چھٹا دن ہے، گزشتہ روز نماز جمعہ کیلئے مختصر وقت کیلئے کرفیو اٹھایا گیا۔

مقبوضہ کشمیرمیں اس دوران بھرپور احتجاج ہوا، کشمیریوں کی آوازکوبھارتی افواج نےدبانےکی کوشش کی، وہاں سے بے گناہوں کی شہادتوں کی بھی اطلاعات ہیں، مقبوضہ کشمیر میں اسکول و کالجز،دفاتر بند ہیں۔

اشیائے خوردونوش کی قلت کی اطلاعات ہیں، دواؤں کا دستیاب نہ ہونا بھی بہت سنجیدہ مسئلہ ہے، آج تو مقبوضہ کشمیر میں نرمی بھی نہیں تھی پھر بھی احتجاج ہوا، آج لداخ میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی اطلاعات ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں