حیدر آباد: سندھ حکومت نے بارشوں کی صورت حال سے نمٹنے کے لیے حیدر آباد شہر کے لیے 70 لاکھ روپے کا فنڈ جاری کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے ڈویژنل کمشنر حیدر آباد کو 50 لاکھ روپے جاری کیے گئے، ڈپٹی کمشنراعجاز شاہ نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کو 20 لاکھ روپے فنڈز فراہم کیے گئے۔
دوسری طرف تھرپارکر کے علاقے اسلام کوٹ کے نواحی گاؤں میں 2 بچیاں ڈوب کر جاں بحق ہو گئی ہیں، پولیس کا کہنا ہے کہ یہ بچیاں آج اسکول جاتے ہوئے بارش کے پانی کے جوہڑ میں گر گئی تھیں۔
خیال رہے ادھر کراچی میں ایک بار پھر موسلا دھار بارش شروع ہوگئی ہے، جس سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں، جمعے کی رات شہر میں داخل ہونے والا سسٹم ایک بار پھر گرج چمک کے ساتھ برسا، بارش سے بجلی کی فراہمی بھی شدید متاثر ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی میں پھر تیز بارش، حفاظتی اقدامات کے پیش نظر کے الیکٹرک کا بجلی بند رکھنے کا عندیہ
اس دوران اورنگی ٹاؤن سیکٹر ای فور میں گھر میں کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا، ریسکیو ذرایع کے مطابق جاں بحق شخص کی شناخت 28 سالہ شہباز کے نام سے ہوئی، مجموعی طور پر آج کرنٹ لگنے سے دو افراد جاں سے گئے، وزیر اعلیٰ سندھ نے بھی اس کا نوٹس لیا۔
ادھر حفاظتی اقدامات کے پیش نظر کے الیکٹرک نے بارش کی صورت میں نشیبی علاقوں میں بجلی بند کرنے کا اعلان کر دیا، جس سے تمام علاقے تاریکی میں ڈوب گئے، کے الیکٹرک ذرایع کے مطابق کراچی کا ہر علاقہ نشیبی ہے، شہر کا 60 فی صد سے زائد علاقہ متاثر ہوگا، کراچی کا 60 فی صد حصہ بجلی سےمحروم ہو سکتا ہے۔