اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے عید الاضحیٰ کی نماز اسلام آباد میں بنی گالہ میں قائم مسجد میں ادا کی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے عید الاضحیٰ کی نماز اسلام آباد میں بنی گالہ میں قائم مسجد میں ادا کی۔ سیکیورٹی اسٹاف اور دیگر ملازمین نے بھی وزیراعظم کے ساتھ نماز ادا کی۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ قربانی کے جذبے کے بغیر دنیا کی کوئی قوم ترقی نہیں کرسکتی، قربانی کا جذبہ ہر قسم کی مشکلات کو خندہ پیشانی سے برداشت کرنے کا نام ہے۔
وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ پاکستان معاشی اور معاشرتی مشکلات کے دور سے گزر رہا ہے، قوم کو اقتصادی بحالی کی حکومتی کوششوں میں تعان کرنا ہوگا۔
ملک بھرمیں عیدالاضحیٰ مذہبی عقیدت واحترم کے ساتھ منائی جا رہی ہے
واضح رہے کہ پاکستان بھر میں عیدالاضحیٰ مذہبی جوش وجذبے سے منائی جا رہی ہے، جہاں فرزندان اسلام سنت ابراہیمی پرعمل کرتے ہوئے اللہ کی راہ میں اپنے جانور قربان کررہے ہیں۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور چاروں صوبائی دارالحکومت کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں نماز عید کے اجتماعات منعقد ہوئے جس میں علمائے کرام نے سنت ابراہیمی کے فلسفے کو بیان کیا اورایثاروقربانی کے حقیقی جذبے کو اجاگر کیا۔