کراچی: یوم آزادی پر کراچی یونی ورسٹی کے قریب ڈاکوؤں کی فائرنگ کے نتیجے میں ایک پولیس اہل کار زخمی ہو گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آج یوم آزادی پر جامعہ کراچی کے قریب 2 ملزمان شہریوں سے لوٹ مار کر رہے تھے کہ پولیس موقع پر پہنچ گئی۔
کراچی پولیس کہنا ہے کہ اہل کاروں کو دیکھ کر ملزمان نے فائرنگ شروع کر دی، اس دوران ملزمان کی فائرنگ سے اہل کار ممتاز کے پیٹ میں گولی لگی۔
پولیس کے مطابق واقعے میں ایک ملزم کو اسلحہ سمیت گرفتار کر لیا گیا ہے جب کہ دوسرا فرار ہو گیا، جس کی تلاشی جاری ہے۔
ادھر الفلاح پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 3 ڈاکو گرفتار کر لیے تاہم ان کا سرغنہ فرار ہو گیا، ایس ایس پی کورنگی نے بتایا کہ ملزمان ڈکیتی کی 50 سے زاید وارداتوں میں ملوث ہیں، پولیس نے ملزمان کو دوران ڈکیتی مقابلے کے بعد گرفتار کیا۔
دوسری طرف یوم آزادی پر میٹروپول پر ٹریفک پولیس اہل کاروں نے قومی ترانوں کی دھن پر جشن منایا، اس موقع پر ٹریفک اہل کاروں نے پاکستان اور کشمیر کے جھنڈے تھام رکھے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: رینجرز کی کارروائیاں، کراچی سے 22 ملزمان گرفتار
جشن آزادی مناتے ہوئے آئی جی سندھ کلیم امام نے سندھ پولیس کی جانب سے شہریوں کو یوم آزادی پر مبارک باد کا پیغام جاری کیا اور کہا کہ ہمیں قائد اعظم کے اصولوں کو ہمیشہ یاد رکھنا چاہیے، شہر میں دہشت گردی کے واقعات نہیں ہوئے، قتل کے واقعات کم ہو گئے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ موبائل چھینا جھپٹی کی وارداتیں بھی کم ہوئی ہیں، کل کلفٹن میں بہادر شہری نے ڈاکو پکڑا اسے انعام دیں گے، پیر آباد واقعے پر انکوائری ہو رہی ہے جب کہ قائد آباد دھماکے اور تقی عثمانی کیس میں پیش رفت جاری ہے۔