لاہور: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ماضی میں حکومتوں نے مسئلہ کشمیرکے بجائے تجارت کو فروغ دیا.
ان خیالات کا اظہار انھوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، ان کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیر اعظم مودی نے خود بھارت کو تباہی کے راستے پر ڈال دیا ہے.
امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ جوائنٹ سیشن میں تمام جماعتوں نے مل کرحکومت کو پیغام دیا تھا، یہ موثر اقدام تھا.
انھوں نے کہا کہ حکومت کے بعض اقدامات کی وجہ سے اتحاد قائم نہیں ہوپا رہا ہے، یہ وقت کی ضرورت ہے.
خیال رہے کہ بھارت نے غیر قانونی اقدام کرتے ہوئے کشمیر کی خصوصی اہمیت ختم کر دی ہے، آرٹیکل 370 کے خاتمے کو مقبوضہ کشمیر کے عوام نے رد کر دیا. ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے.
مزید پڑھیں: بھارت نے سرحدوں کی خلاف ورزی کی تو بھرپور سرپرائز دیں گے: ڈی جی آئی ایس پی آر
گزشتہ تیرہ روز سے مقبوضہ کشمیر میں کرفیو نافذ ہے، جس کی وجہ سے روز مرہ سرگرمیاں معطل ہوگئی ہیں.
اس موضوع پر گزشتہ روز پچاس سال کے طویل انتظار کے بعد سلامتی کونسل کا اجلاس ہوا، جس میں ارکان کو اس مسئلے پر بریفنگ دی گئی.
تجزیہ کار اسے پاکستان کی بڑی کامیابی ٹھہرا رہے ہیں، سلامتی کونسل کے اجلاس سے ثابت ہوتا ہے کہ اب کشمیر بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں رہا.