کوئٹہ: گورنربلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی کا کہنا ہے کہ عوام زیادہ سے زیادہ درخت لگا کر بلوچستان کے بنجر اور ویران علاقوں کو سر سبز کریں۔
تفصیلات کے مطابق گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی نے شجر کاری مہم مون سون 2019 کی مناسبت سے اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ آبادی میں مسلسل اضافے کی وجہ سے ہمارے موجودہ جنگلات شدید دباﺅ کا شکار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جنگلات ایک قومی دولت ہیں، ایندھن وعمارتی لکڑی اور بے شمار صنعتوں کے لیے خام مال فراہم کرتے ہیں زمین کو کٹاﺅ سے محفوظ رکھتے ہیں، ریت کے ٹیلوں کو ساکت کرتے ہیں اور زمین کی زرخیزی اور دلکشی میں اضافہ کرتے ہیں۔
گورنر بلوچستان نے کہا کہ جنگلات زیر زمین پانی میں اضافہ کرتے ہیں، مال مویشیوں کی چراگاہیں اور جنگلی حیات کا مسکن ہیں۔ لہذا ضرورت اس امر کی ہے کہ جنگلات کو بچانے کے لیے ہم سب مل کر عملی اقدامات کریں اور زیادہ سے زیادہ درخت لگا کر بلوچستان کے بنجر اور ویران علاقوں کو سرسبز کریں۔
امان اللہ خان یاسین زئی نے کہا کہ ویران علاقوں کو سرسبز کرنے سے نہ صرف قدرتی جنگلات پر انسانی ضروریات کے لیے بوجھ کم ہو گا بلکہ ماحولیاتی و معاشی فوائد بھی حاصل ہوں گے۔
واضح رہے کہ بلوچستان میں مون سون 2019 کے دوران 9 لاکھ پودے عوام ، سرکاری ادروں ، اسکولوں ، کالجوں اور فورسز اور دوسری نیم سرکاری وغیرسرکاری اداروں میں تقسیم کئے جائیں گے۔