کراچی: وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے کہا ہے کہ کراچی میں صفائی مہم 6 اضلاع میں جاری ہے، شہر میں بہت مسائل ہیں ایمرجنسی نافذ کرنی پڑے گی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے لیے کام کرنے پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے شکر گزار ہیں، ہمارا ایک ہی ایجنڈا ہے کہ کراچی کے ہر علاقے سے کچرا اٹھایا جائے۔
علی زیدی نے کہا کہ بحریہ ٹاؤن کی ٹیم بھی اپنی مشینری لے آئی ہے، ان کا شکر گزار ہوں کہ کام شروع کردیا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ میں نے ابھی وزیر بلدیات سندھ کو خط لکھا ہے، خط میں ان سے 5 نکات پر عملدرآمد کی درخواست کی ہے، لینڈ فل سائٹ تک کچرا لے جانا سندھ حکومت کی ذمہ داری ہے۔
مزید پڑھیں: کراچی میں نالوں کی صفائی سے کافی حد تک بہتری آئی ہے: علی زیدی
علی زیدی نے کہا کہ ہمیں یہ بتادیں کہ کس سائٹ پر کتنا کچرا ڈالا جاسکتا ہے، کچرا کنڈی کے علاوہ کچرا پھینکنے پر پابندی لگائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ جتنے کنٹونمنٹ بورڈ اور سوسائٹیاں ہیں کچرا لینڈ فل سائٹ پر لے جائیں، ہمارے 5 نکات پر عمل ہوجائے تو زندگی آسان ہوجائے گی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ بارش میں سب سے زیادہ پانی ڈیفنس میں جمع تھا، یوسی اور ڈسٹرکٹ کے منتخب نمائندے طے کرلیں کہ مل کر کام کرنا ہے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل علی زیدی کا کہنا تھا کہ کہیں کسی کو کچرا پھینکتے دیکھیں تو تصویر کھینچ کر ہمیں بھیجیں ہم ان کے خلاف کارروائی کریں گے۔