پشاور : باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اسپیکر کے پی کے اسمبلی مشتاق غنی نے پودا لگا کر وزیراعظم کی کلین اینڈ گرین مہم کا افتتاح کردیا،ان کا کہنا ہے کہ تمام پاکستانی ایک ایک پودا لگا کر اپنا قومی فریضہ ادا کریں۔
تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا اسمبلی کے اسپیکر مشتاق غنی نے پشاور کے باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا دورہ کیا۔
اس موقع پر انہوں نے وزیراعظم کی کلین اینڈ گرین مہم کا افتتاح کرتے ہوئے ایئر پورٹ کے احاطے میں پودا لگایا ان کے ہمراہ پشاور ایئرپورٹ کے منیجر اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔
اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر کے پی کے اسمبلی مشتاق غنی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا وژن ہے کہ ماحولیاتی تحفظ کیلئے تمام پاکستانی ایک پودا لگا کر اپنا قومی فریضہ ادا کریں، وزیراعظم کے ویژن کے تحت کے پی کے کے مختلف ایئرپورٹس پر پھل دار پودے لگائے جائیں گے۔
ایئرپورٹ منیجر نے اسپیکر کے پی اسمبلی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پشاور ایئرپورٹ اور اس کے اطراف گرین بیلٹ بھی بنارہے ہیں۔
کے پی کے میں وزیراعظم کے سیاحت کے ویژن کو بھی آگے بڑھایا جارہا ہے، اس کے علاوہ سیاحوں کو ایئر پورٹس پر تمام سہولیا ت فراہم کی جارہی ہیں۔