جمعرات, مئی 15, 2025
اشتہار

جیلوں میں عام قیدیوں کی سہولت کے لیے حکومت پنجاب کا بڑا فیصلہ

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: پنجاب حکومت نے صوبے کی جیلوں میں عام قیدیوں کی سہولت کے لیے بڑا فیصلہ کر لیا ہے، اب عام قیدی بھی اسپیشلسٹ سے علاج کرا سکے گا۔

تفصیلات کے مطابق حکومتِ پنجاب نے عام قیدیوں کو بیمار ہونے کی صورت میں اسپیشلسٹ سے علاج کرانے کی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

اس سلسلے میں حکومت پنجاب نے آئی جی جیل خانہ جات کو ہدایت جاری کر دی ہے۔ حکومتی ہدایت پر آئی جی جیل شاہد سلیم نے بھی تمام جیل سپرٹنڈنٹس کو احکامات جاری کر دیے۔

آئی جی جیل نے ہدایت کی ہے کہ عام قیدیوں کو جیل میں علاج کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں، عام قیدیوں کے جیل میں رہنے کے انتظامات میں بھی بہتری لائی جائے۔

آئی جی جیل خانہ جات کی جانب سے صوبے کی جیلوں میں عام قیدیوں کو مطالعے کے لیے کتابیں فراہم کرنے سے متعلق بھی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:  آصف زرداری اورفریال تالپور کوجیل میں اے کلاس دینے کی درخواستیں مسترد

واضح رہے کہ پنجاب کی جیلوں میں سیاسی رہنماؤں کے لیے قید کے دوران اے کلاس کی سہولتوں سے متعلق بحث اور کشمکش چلتی رہی ہے، اس سلسلے میں سیاسی رہنماؤں کی جانب سے عدالتوں کے دروازے بھی کھٹکھٹائے جاتے ہیں۔

گزشتہ روز احتساب عدالت نے سابق صدر آصف زرداری اور فریال تالپور کو جیل میں اے کلاس دینے کی درخواستیں مسترد کر دی تھیں اور اضافی سہولتیں دینے کی منظوری دیتے ہوئے ہفتے میں 2 مرتبہ اہل خانہ سے ملاقات کی اجازت دی تھی۔

سابق وزیر اعظم نواز شریف کے لیے بھی کوٹ لکھپت جیل میں طبی سہولتیں بڑھائی جا چکی ہیں، انھیں جیل میں وی آئی پی سہولتیں فراہم کی گئیں، خوراک اور آرام کے سلسلے میں بھی انھیں خصوصی سہولتیں دی گئیں۔

سیاسی قیدیوں کے لیے سہولتوں کی خبروں کے بعد عام قیدیوں کے لیے بھی سہولتوں کی آواز اٹھائی جانے لگی تھی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں