کوئٹہ : ینگ ڈاکٹرز کی اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج اور ہڑتال جاری ہے، سرکاری ہسپتالوں کی او پی ڈیز میں ہڑتال کے باعث مریض رل گئے ہیں، حکومت نے ہڑتالیوں کیخلاف قانون سازی کا فیصلہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے سب سے بڑے شہر کوئٹہ میں ینگ ڈاکٹرز احتجاجی تحریک چلا رہے ہیں، مطالبات پر عملدرآمد کے سلسلے میں پیشرفت نہ ہونے پر ینگ ڈاکٹرز نے عید الاضحیٰ سے قبل سرکاری اسپتالوں میں ہڑتال جاری رکھی ہوئی ہے۔
ان کا مطالبہ ہے کہ انہیں ہسپتالوں میں تحفظ دینے کے ساتھ مریضوں کے لئے سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ عوام سہولیات کے فقدان کے باعث ان پر اپنا غصہ نہ نکالیں۔
سرکاری اسپتالوں میں مطالبات کی منظوری کے لیے ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال سے تمام اسپتالوں کی او پی ڈیز اور آپریشن تھیٹرز بند ہیں۔ سول ہسپتال کوئٹہ سمیت تمام سرکاری اسپتالوں میں ڈاکٹرز ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھے ہیں جس کے باعث مریض اور ان کے تیماردار شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔
دوسری جانب حکومت نے ہڑتال کرنے والوں کیخلاف قانون سازی کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے اس حوالے سے ترجمان بلوچستان حکومت کہنا ہے کہ اب مزید ینگ ڈاکٹرز کی بلیک میلنگ نہیں چلے گی۔
صحت کے شعبے سے وابستہ افراد مسیحا ہیں، ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال کے باعث سول ہسپتال سمیت دیگر میں روزانہ علاج معالجہ کے لیے آنے والے ہزاروں مریض مشکلات سے دوچار مایوس لوٹ جاتے ہیں۔