اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید کا کہنا ہے کہ سوات موٹروے کو کالام تک توسیع دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سیاحت کے فروغ اور مسافروں کی سہولت کے لیے ایک اور اہم قدم، وفاقی حکومت نے خیبرپختونخوا حکومت کے ساتھ ایم او یو سائن کرلیا۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور وفاقی وزیر مواصلات نے معاہدے پر دستخط کیے۔
سوات ایکسپریس وے کے انتظامی معاملات این ایچ اے کے سپرد کردیے گئے۔ سوات ایکسپریس وے پرروڈ سیفٹی، سفری سہولیات کی نگرانی موٹر وے پولیس کرے گی۔
وزیراعلیٰ محمود خان نے کہا کہ این ایچ اے کی تمام سہولتیں سوات ایکسپریس وے پردستیاب ہوں گی، فیصلہ سوات کالام جانے والے سیاحوں کی آسانی کے لیے کیا گیا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ نے کہا کہ سوات موٹروے کو توسیع دے کر ٹورسٹ زون بنایا جائے گا۔
دوسری جانب وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا کہ فیصلے سے ملکی سیاحت کو فروغ ملے گا، خیبر پختونخوا پہلا صوبہ ہے جس نے اپنے وسائل سے موٹروے مکمل کی۔
مراد سعید نے کہا کہ صوبے میں سیاحت کے فروغ کے لیے اقدامات جاری ہیں، مسافروں کے تحفظ کے لیے موٹروے پولیس سے معاہدہ کیا گیا۔
وفاقی وزیر برائے مواصلات نے کہا کہ وزارت مواصلات سوات ایکسپریس وے کو ٹیک اوور کرے گی، سوات موٹروے کو کالام تک توسیع دینے کا فیصلہ بھی کر لیا گیا ہے۔
مراد سعید نے کہا کہ مسافر سوات ایکسپریس وے پر این ایچ اے کی موبائل ایپ استعمال کرسکیں گے، موسم کی صورت حال، سیاحتی مقامات کی پیشگی اطلاع مل سکے گی۔