چاگوارماس: ویسٹ انڈیز کے ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل ہونے والے رحکیم شاہد ورلڈ کلاس کھیلنے والے وزنی ترین کھلاڑی کا اعزاز اپنے نام کرنے کے لیے تیار ہیں۔
ویسٹ انڈین میڈیا رپورٹ کے مطابق کرکٹ بورڈ نے بھاری بھرکم کرکٹر رحکیم کو بھارت کے خلاف ہونے والے 2 ٹیسٹ میچ کی سیریز کے لیے اسکواڈ میں شامل کرلیا۔ اگر وہ میچ کھیل سکے تو وہ عالمی کرکٹ کھیلنے والے سب سے وزنی کھلاڑی ہوں گے۔
اطلاعات کے مطابق رحکیم کا وزن 140 کلو گرام کے قریب ہے جس کی وجہ سے انہیں اپنے آبائی علاقے میں ’’جمبو‘‘ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، کرکٹ بورڈ نے 26 سالہ نوجوان کرکٹر کی صلاحیتوں کو دیکھتے ہوئے خصوصی ڈائٹ پلان بھی ترتیب دے دیا۔
بورڈ حکام کا کہنا ہے کہ رحکیم ڈائٹ پلان کی بدولت چھ ماہ مین دس کلو تک وزن کم کرسکتی ہیں۔سابق پاکستانی لیگ اسپنر مشتاق احمد نے بھی نوجوان کھلاڑی کو قیمتی مشورے دیے تاکہ وہ دنیائے کرکٹ میں اپنا نام بنا سکیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق رحکیم کا قد 6 فٹ پانچ انچ ہے، اسکواڈ میں منتخب ہونے کے بعد وہ بہت پرجوش ہیں اور کہتے ہیں کہ ’’طویل عرصے کی محنت کا وہ صلہ ملنے جارہا ہے جس کا انہیں انتظار تھا‘‘۔
رحکیم کا کہنا تھا کہ ’’میں انٹرنیشنل کرکٹ میں اپنے دوستوں اور اہل خانہ کو مایوس نہیں کروں گا‘‘۔
رحکیم کارنوال بیٹنگ کے ساتھ دائیں ہاتھ سے آف بریک اسپین باؤلنگ کرتے ہیں، وہ ویسٹ انڈیز میں لیورڈ آئی لینڈ اور سینٹ لوشیا اسٹارز کی طرف سے کلب کرکٹ کھیلتے رہے ہیں۔ علاوہ ازیں انہوں نے 2016 مین بھارت اور انگلینڈ کے خلاف اے کیٹگری کے میچز بھی کھیلے۔
کیریئر پر مختصر نظر
رحکیم نے فرسٹ کلاس کے 55 میچز کھیلے اور 23.87 کی شرح سے 2224 رنز بنائے۔ ان کا سب سے زیادہ سکور 101 ہے۔ اس کے علاوہ وہ 13 نصف سینچریاں بھی بنا چکے ہیں۔
اگر باؤلنگ کی بات کی جائے تو انہوں نے اب تک 260 وکٹیں حاصل کیں۔ وہ 31 ٹی ٹوئنٹی میچز میں 21 وکٹیں لے چکے ہیں جبکہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں ان کی سب سے زیادہ وکٹیں 108 رنز دے کر 8 وکٹیں ہیں۔