دنیا بھر میں موسلادھار بارشوں اور برف باری کا سلسلہ جاری ہے، کئی امریکی ریاستوں میں شدید برفباری سے معمولات زندگی متاثر ہیں تو مصر میں سوسال بعد ہونے والی برفباری کو مصریوں نے خوب انجوائے کیا۔
دنیا کے کئی ممالک میں موسم سرما اپنے رنگ دکھا رہا ہے، کہیں برفباری تو کہیں ژالہ باری اور کہیں موسلا دھار بارشوں نے معمول کی زندگی کو درہم برہم کردیا ہے، امریکا کی سترہ ریاستوں میں برفباری سے معمولات زندگی مفلوج ہوگئے ہیں اور شمال مشرق کے ساحلی علاقوں نے برف کی چادر اوڑھ لی ہے ،پروازیں منسوخ اور ٹریفک حادثات میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔
شدید سرد موسم کا یہ سلسلہ اگلے ہفتے تک جاری رہنے کا امکان ہے، مصر میں سو سال بعد ہونے والی برفباری کا لوگوں نے دل کھول کر لطف اٹھایا، شمالی شام اور لبنان میں موسلادھار بارش اور برفباری نے شامی مہاجرین کی مشکلات بڑھادیں، مقبوضہ بیت المقدس میں بیس انچ برف پڑ چکی ہے، غزہ شہر میں شدید بارش کے باعث کئی گھروں کو نقصان پہنچا، درخت گر گئے۔
سیلاب میں گھیرے سیکڑوں خاندانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے، اسرائیل میں پچاس سالوں کی شدید برفباری نے ٹریفک کا پہیہ جام کردیا ہے، ترکی اور اردن میں بھی تین روز سے برفباری جاری ہے، مشرق وسطیٰ میں بھی تیز بارشوں کے بعد صورتحال گھمبیر ہوگئی ہے۔