ماسکو: روس کے علاقے چیچنیا میں یورپ کی سب سے بڑی مسجد کا افتتاح کردیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 30 ہزار نمازیوں کی گنجائش والی مسجد کا افتتاح چیچنیا کے سربراہ رمضان قدیروف نے کیا۔ اس موقع پر مقامی اور غیر ملکی مسلمان حکام نے شرکت کی۔
گروزنی کے قریب 9 ہزار 700 اسکوائر میٹر کے رقبے پر محیط مسجد کو ازبکستان سے تعلق رکھنے والے ماہر تعمیرات نے ڈیزائن کیا، مسجد کے اندر اور اطراف میں 70 ہزار نمازی بیک وقت نماز ادا کرسکیں گے۔
مسجد نبی آخری زماں حضرت محمد ﷺ کے نام سے منسوب کی گئی۔ چیچنیا کے مسلمان رہنما رمضان قادروف نے مسجد کے فن تعمیر کی تعریف کی جبکہ روسی صدر ولادمیر پوٹن نے بھی مسجد کی وجہ سے علاقے کو اہم قرار دیا۔
مسجد کے اندرونی حصے میں انتہائی خوبصورت انداز میں نقش نگاری کی گئی اور دیواروں پر قرآنی آیات کو کندہ کیا گیا جبہ صحن کو پھولوں اور خوبصورت فواروں سے سجایا گیا ہے۔