سری نگر: بھارت کے زیر تسلط کشمیر میں بھارت کے عزائم کھل کر سامنے آنے لگے ہیں، جموں میں سیکریٹریٹ کی عمارت سے کشمیر کا پرچم اتار دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر کو بد ترین کرفیو سے قید خانہ بنانے والی مودی سرکار کے عزائم کھل کر سامنے آنے لگے ہیں۔
مودی سرکار نے جموں میں سیکریٹریٹ کی عمارت سے کشمیر کا پرچم اتار کر سول سیکریٹریٹ پر ترنگا لہرا دیا۔ تین ہفتے قبل مودی سرکار نے جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر دی تھی۔
یاد رہے کہ آرٹیکل 370 اے ختم کرنے کے بعد مقبوضہ کشمیر میں آج 21 ویں روز بھی کرفیو جاری ہے، موبائل فون، انٹرنیٹ سروس بند اور ٹی وی نشریات معطل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: مقبوضہ کشمیر میں 21ویں روز بھی کرفیو
دو دن قبل سری نگر میں کشمیریوں کو نماز جمعہ بھی ادا نہیں کرنے دی گئی تھی، مسجدوں کو تالے لگا دیے گئے تھے۔
گزشتہ روز مقبوضہ وادی کے شہر سری نگر کی فضاؤں میں اللہ اکبر کی صدائیں گونج اٹھی تھیں، آزادی کے متوالے ہزاروں کشمیری بھارتی فوج کا بد ترین لاک ڈاؤن توڑ کر سڑکوں پر آ گئے تھے۔
ہزاروں کشمیریوں نے سری نگر کے علاقے صورہ میں نماز جمعہ کے بعد زبردست مظاہرہ کیا، پاکستانی پرچم تھامے کشمیریوں نے فلک شگاف نعرے لگائے۔
ادھر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرس نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں تشویش ناک صورت حال پر ان کی نظر ہے، اقوام متحدہ اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔