دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اسپاٹ فکسنگ کا الزام ثابت ہونے پر دو کرکٹرز پر تاحیات اور ایک پر پانچ سال کی پابندی عائد کردی۔
تفصیلات کے مطابق اسپاٹ فکسنگ کا الزام ثابت ہونے پر آئی سی سی نے ہانگ کانگ کے دو کرکٹرز پر تاحیات پابندی لگادی، عرفان احمد اور ندیم احمد پر آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کے مرتکب قرار دے دئیے گئے۔
ہانگ کانگ کے دونوں کرکٹرز کسی بھی طرز کی کرکٹ نہیں کھیل سکیں گے، اینٹی کرپشن ٹریبونل نے تیسرے کھلاڑی حسیب امجد کو الزام ثابت ہونے پر پانچ سال کے لیے معطل کیا ہے۔
آئی سی سی کا کہنا ہے کہ تینوں کھلاڑی دو سال کے دوران میچ فکسنگ میں ملوث رہے، عرفان احمد آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کی 9 شقوں کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے جبکہ ندیم احمد نے تین شقوں کی خلاف ورزی کی ہے۔
اینٹی کرپشن ٹریبونل نے حسیب احمد کو کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر پانچ سال کے لیے معطل کیا ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ان تینوں کھلاڑیوں کی جانب سے ٹی ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ 2016 کے دوران میچ فکسنگ کی گئی تھی۔
اس حوالے سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے اینٹی کرپشن یونٹ نے باقاعدہ تحقیقات کیں۔
تینوں کھلاڑیوں کو گزشتہ برس اکتوبر میں معطل کردیا گیا تھا جبکہ اب تحقیقات مکمل ہونے کے بعد آئی سی سی نے تینوں کھلاڑیوں کے لیے سزاؤں کا باقاعدہ اعلان کردیا ہے۔