واشنگٹن: وزیراعظم آزادکشمیر فاروق حیدر کا کہنا ہے کہ مسلم ممالک حمایت نہ بھی کریں تو بھی کشمیر کی آزادی کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔
واشنگٹن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر فاروق حیدر کا کہنا تھا کہ کشمیر کی آزادی کے لیے صرف پاکستان کی حمایت ہی کافی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی آزادی کی جدو جہد جاری رہے گی، پُر امن جدو جہد کا کوئی متبادل نہیں ہوسکتا، مسئلہ کشمیر پر ان ممالک میں کام کرنا ہے جہاں انسانی حقوق کی اہمیت ہے۔
فاروق حیدر کا کہنا تھا کہ بھارتی جارحیت کھل کر سامنے آچکی ہے، انسانی حقوق کے علم برداروں کے دروازے کھٹکھٹانے امریکا آیا ہوں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان بھارتی جارحیت کے مقابلے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے، بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
وزیراعظم بھارت کے لیے فضائی حدود مکمل بند کرنے پرغورکررہے ہیں،فواد چوہدری
دوسری جانب وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے بھارت کے لیے فضائی حدود بند کرنے پر غور شروع کردیا ہے۔
وفاقی وزیر کا یہ بھی کہنا تھا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے شروع کیا ہے ختم ہم کریں گے، کشمیر میں جو ہورہا ہے وہ ہمارے لیے ناقابل قبول ہے۔