اسلام آباد: وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے کہا ہے کہ بھارت نے کشمیریوں سے ان کی شناخت چھین لی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے مختلف سربراہان مملکت کے نام خطوط لکھے اور مقبوضہ کشمیر کی صورت حال سے آگاہ کیا گیا۔
وزیراعظم آزا دکشمیر نے روس، چین، جرمنی، انڈونیشیا، سنگاپور، اردن، کیوبا کے سربراہان کو خط لکھے، راجہ فاروق حیدر نے اٹلی، اسپین، ناروے، آسٹریا، سویڈن کے سربراہان کو بھی خط لکھ کر کشمیر کی صورت حال سے آگاہ کیا۔
راجہ فاروق حیدر نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو خط لکھا جس میں کہا گیا ہے کہ عالمی سربراہان مسئلہ کشمیر حل کرانے میں کردار ادا کریں۔
مزید پڑھیں: مقبوضہ کشمیر میں لاکھوں افراد کی جانوں کو خطرہ ہے، راجہ فاروق حیدر
وزیراعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ بھارت نے کشمیریوں کے خلاف آئینی دہشت گردی کی ہے، کشمیریوں سے ان کی شناخت چھین لی گئی ہے، بھارت نے یکطرفہ اقدامات کے ذریعے کشمیرکو نقصان پہنچایا ہے۔
راجہ فاروق حیدر نے کہا ہے کہ 80 لاکھ سے زائد کشمیری بھارتی فوج کے نرغے میں ہیں، کشمیری قوم بھارت کے اقدامات کے نتیجے میں شدید تکلیف میں ہے۔
یاد رہے کہ چند روز قبل وزیراعظم آزاد کشمیر نے امریکن پاکستان پبلک افیئرز کمیٹی کے ارکان سے گفتگو میں کہا تھا کہ بھارتی فوج نے 80 لاکھ سے زائد کشمیریوں کو محصور کررکھا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر کی جغرافیائی حیثیت تبدیل کرنا چاہتا ہے، مقبوضہ کشمیر کے بہادر عوام نے بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کردیا۔