کراچی: شہر قائد کے علاقے کھارادر میں ایک شخص نے دفتری پریشانی سے تنگ آکر خودکشی کرلی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کھارادر میں ایک شخص نے دفتری پریشانی سے تنگ آکر عمارت کی پانچویں منزل سے چھلانگ لگا کر خودکشی کرلی، پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردیں۔
پولیس حکام کے مطابق واقعہ کھارادر تھانے کی حدود میں پیش آیا، خودکشی کرنے والے شخص کی شناخت 46 سالہ قمر رضا کے نام سے ہوئی ہے۔
مقتول قمر رضا گلشن اقبال کا رہائشی تھا اور ای ایف یو کی مارکیٹنگ ڈیپارٹمنٹ میں ملازم کرتا تھا۔
رپورٹ کے مطابق افسران بالا کی جانب سے مقتول کو چارج شیٹ ملی تھی جس کا جواب مانگا گیا تھا، ابتدائی طور پر خودکشی کی وجہ ذہنی دباؤ لگتا ہے۔
ایس ایچ او کھارادر کا کہنا ہے کہ قمر رضا کی خودکشی کی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اہل خانہ نے قانونی کارروائی سے انکار کردیا اور لاش بغیر پوسٹ مارٹم کے لے گئے، اہل خانہ کا کہنا ہے کہ خودکشی ہے اس لیے قانونی کارروائی نہیں کرنا چاہتے۔
ایس ایچ او کھارادر کا کہنا ہے کہ مقتول انشورنس کمپنی میں ملازم تھا اور مارکیٹنگ سیکشن میں چیف ڈیولمپنٹ آفیسر کے عہدے پر تعینات تھا مقتول کے ٹارگٹ پورے نہیں ہوپارہے تھے۔
ایس ایچ او کہنا تھا کہ دو دن پہلے قمر رضا کو چارج شیٹ جاری کرکے معطل کردیا گیا تھا، ایڈمن آفیسر شاہد سے مقتول کی کوئی بات ہوئی تھی جس کے بعد اس نے آفس کے پانچویں فلور سے چھلانگ لگا کر خودکشی کرلی۔