اسلام آباد: مشیر خزانہ ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ کا کہنا ہے کہ پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاروں کے لیے ماحول سازگارہو رہا ہے، متعدد شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع ہیں۔
تفصیلات کے مطابق مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں ترقی کی ضرورت ہے، خطے کی ترقی کے لیے مواصلات اور رابطے بڑھانا ضروری ہے۔
عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ پاکستان چاہتا ہے کہ کیپٹل مارکیٹ ترقی کرے، ترقی ہوگی تو روزگار بڑھے گا۔ انہوں نے کہا کہ متعدد شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع ہیں۔
مشیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاروں کے لیے ماحول سازگارہو رہا ہے، چین پاکستان کا بڑا اقتصادی شراکت دار ہے۔انہوں نے کہا کہ روزگارکی فراہمی کے لیے اقتصادی ترقی ناگزیرہے۔
عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت شفافیت پر یقین رکھتی ہے، موجودہ حکومت کو قرض کا بڑا بوجھ ورثے میں ملا، دنیا بھر کو یہ پیغام دے دیا ہے کہ پاکستان معاشی نظم وضبط قائم کرے گا، پاکستان معاشی تبدیلی کے ایجنڈے کی طرف گامزن ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اینٹی کرپشن ایجنڈا اپنایا ہوا ہے، مالی خسارہ کم ہوا اور برآمدات بڑھتی ہیں، آئی ایم ایف پروگرام میں جانے سے مثبت معیشت کا تاثر گیا۔