واشنگٹن:امریکی چینل کی میزبان اور کار ریس ڈرائیور جیسی کامبس تیز رفتار ڈرائیونگ کے تمام ریکارڈز توڑنے سے پہلے ہی حادثے کا شکار ہو گئیں۔
تفصیلات کے مطابق 36سالہ جیسی کومبس لینڈ اسپیڈ ریکارڈ بنانے کیلئے کوشاں تھیں۔وہ امریکا کی ریاست اوریگون میں طاقتور جیٹ کی شکل والی کار میں سوار تھیں کہ حادثے کا شکار ہو گئیں اور موقع پر ہی دم توڑ دیا۔
جیسی کامبس 1976میں’ کیٹی او نیل ‘ کے قائم کردہ 512میل فی گھنٹہ کی رفتار سے بنایا گیا ’ویمنز لینڈ اسپیڈ ریکارڈ ‘ توڑنے کا عزم رکھتی تھیں،ریکارڑ توڑنے کی کوشش میں جیسی کومبس امریکا میں ’ڈرائی لینڈ بیڈ‘ کے مقام پر زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال انتقال کرنے والی 72سالہ کیٹی او نیل نے تین پہیوں والی سواری پر اپنا ریکارڈ بنایا تھا تاہم جیسی کومبس چار پہیوں والی جیٹ نما کار میں ریکارڈ توڑنے کی خواہاں تھیں۔
اس سے قبل جیسی کامبس 2013 میں 398 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے ،چار پہیے پر تیز رفتار خاتون‘ کا اعزاز حاصل کر چکی ہیں ، اس کے بعد انہوں نے اس رفتار کو آگے بڑھایا ، لیکن ان کی پرفارمنس کا ریکارڈ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ سے دور رہا۔
خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ موت سے کچھ روز قبل جیسی کامبس اپنے انسٹاگرام پر کیٹی او نیل کے ریکارڈ کو توڑنے کی خواہش کا اظہار کرتی نظر آئیں۔
ریس ٹریک کے علاوہ جیسی کومبس نے 2009 سے 2010 تک ڈسکوری چینل کے ایک پروگرام میتھبسٹرز کی میزبانی کی ، شو کے موجودہ میزبان نے اظہار تعزیت کرتے ہوئے لکھا کہ جیسی کامبس ایک حادثے میں ہلاک ہوگئیں ، میں بہت غمزدہ ہوں ، وہ نہایت عمدہ بلڈر ، انجینئر اور ڈرائیورتھیں۔
انہوں نے مزید لکھا کہ جیسی کامبس اپنی حیرت انگیز مثال سے دوسروں کی حوصلہ افزائی کے لئے ہر روز جدوجہد کرتی تھیں ، انہوں نے یہ بھی لکھا کہ ایک بہترین ساتھی کی عدم موجودگی انہیں محسوس ہوگی۔