اشتہار

افغان شہر قندوز میں سیکورٹی فورسز پر خودکش حملہ ،10افراد ہلاک، متعدد زخمی

اشتہار

حیرت انگیز

کابل : افغانستان کے شہر قندوز میں خود کش دھماکہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں دس افراد ہلاک جبکہ متعدد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں، حملے میں قندوز پولیس چیف بھی زخمی ہوئے۔

تفصیلات کے مطابق افغانستان کے شہر قندوز میں خود کش دھماکے میں سیکورٹی فورسزکو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی جس کے نتیجے میں10 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں حملے میں قندوز پولیس چیف بھی زخمی ہوئے،افغان حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے افراد میں قندوز پولیس چیف کے ترجمان بھی شامل ہیں۔

- Advertisement -

سیکورٹی حکام کے مطابق دھماکہ حساس علاقے کے قریب ہوا، حملے کے ساتھ ہی شہر کی بجلی معطل ہو گئی اور شہری گھروں میں محصور ہو گئے جب کہ ٹیلی فونز اور رابطے کے دیگر ذرائع بھی معطل ہوگئے۔

دھماکے کے بعد لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا، افغان سیکورٹی فورسز نے دھماکے کے بعد علاقے کی ناکہ بندی کرکے تحقیقات شروع کردی۔

خبر رساں ادارے کے ذرائع کے مطابق افغان وزارت داخلہ کا دعویٰ ہے کہ طالبان شہری علاقوں میں پناہ گزین ہیں اس کے علاوہ کچھ شدت پسند ایک سرکاری اسپتال میں بھی موجود ہیں جس کی وجہ سے ان کے خلاف فضائی کارروائی ممکن نہیں۔

مزید پڑھیں: کابل میں شادی کی تقریب میں دھماکہ، 63 افراد جاں بحق

واضح رہے کہ افغانستان کے دارالحکومت کابل میں گزشتہ ہفتے خودکش بمبار نے شادی کی تقریب میں خود کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا جس کے نتیجے میں 63 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔

کابل پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گرد حملے میں ہزارہ کمیونٹی کے افراد نشانہ بنے۔عینی شاہدین کے مطابق خودکش دھماکہ اس وقت ہوا جب شادی کی تقریب جاری تھی اور شادی ہال مہمانوں سے بھرا ہوا تھا۔

واضح رہے کہ افغانستان میں حالات بہت کشیدہ رہے ہیں حالانکہ طالبان اور امریکہ امن معاہدے کے اعلان کے قریب پہنچ رہے ہیں طالبان اور امریکی نمائندے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں امن مذاکرات کررہے ہیں اور فریقین نے پیشرفت کی اطلاع بھی دی ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں