اسلام آباد: پیپلزپارٹی کی رہنما شیری رحمان کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورت حال کی وجہ سے خطے کا امن داؤ پرلگ چکا ہے۔
تفصیلات کے مطابق غیرسرکاری تنظیم کے زیر اہتمام کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کی رہنما شیری رحمان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورت حال انتہائی تشویش ناک ہے۔
انہوں نے کہا کہ ذرائع ابلاغ پر پابندی سے کشمیر کی صورت حال غیرواضح ہے، مقبوضہ کشمیر میں دوران کرفیو بدترین مظالم کی اطلاعات ہیں۔
شیری رحمان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں صورت حال دن بدن خراب ہوتی جا رہی ہے، کشمیر کی موجودہ صورت حال کی وجہ سے خطے کا امن داؤ پرلگ چکا ہے۔
پیپلزپارٹی کی رہنما نے کہا کہ خطے کی تیزی سے بگڑتی صورت حال کا ذمہ دار پاکستان نہیں بھارت ہے، بھارت خطے کو انتہا پسندی کی جانب دھکیل رہا ہے۔
مقبوضہ کشمیرمیں 29ویں روز بھی کرفیو
واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں آج مسلسل 29ویں روز بھی کرفیو برقرار ہے اور مواصلات کا نظام مکمل پر معطل ہے، قابض انتظامیہ نے ٹیلی فون سروس بند کررکھی ہے جبکہ ذرائع ابلاغ پرسخت پابندیاں عائد ہیں۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق مواصلاتی نظام کی معطلی، مسلسل کرفیو اور سخت پابندیوں کے باعث لوگوں کو بچوں کے لیے دودھ، زندگی بچانے والی ادویات اور دیگر اشیائے ضروریہ کی شدید قلت کا سامنا ہے۔