سوات : صوبہ خیبرپختونخوا کے علاقوں مینگورہ اور گرد و نواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں، زلزلے کا مرکز تاجکستان بارڈر تھا، شہری خوف و ہراس کا شکار ہوکر گھروں سے باہر نکل آئے۔
تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں مینگورہ اور اس کے مضافات میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.5 اور گہرائی 160 کلو میٹر تھی۔
زلزلے کا مرکز تاجکستان بارڈر تھا، ابتدائی اطلاعات کے مطابق زلزلے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ کھڑی گاڑیوں اور گھروں کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔
زلزلے کے بعد لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا، مقامی افراد کلمہ طیبہ پڑھتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے، آخری اطلاعات تک کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
یاد رہے کہ رواں سال مارچ میں صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ، مستونگ ، مچھ، سبی ،بولان سمیت مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے، زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر اسکیل پرزلزلے کی شدت 5 ریکارڈ کی گئی تھی۔