غزہ: اسرائیل اور لبنان کے درمیان حالیہ کشیدگی کے ردعمل میں اسلامی تحریک مزاحمت حماس نے حزب اللہ کی حمایت کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق حماس نے اسرائیلی دشمن کے فوجی اڈے پر راکٹ حملوں کی مکمل تائید اور حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صہیونی دشمن کو مزاحمتی قوتوں کو طاقت سے دبانے کی پالیسی مہنگی پڑے گی۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ حزب اللہ نے لبنان کی اسلامی مزاحمتی قوتوں کونشانہ بنانے کا جواب دیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ حماس لبنانی قوم اور حزب اللہ کے ساتھ ہے اور صہیونی ریاست کی طرف سے عراق، شام، لبنان اور فلسطین میں جارحیت کی مذمت کرتی ہے۔
لبنان پر اسرائیلی جارحیت کے بعد آخری حد تک جائیں گے: حزب اللہ
بیان میں کہا گیا ہے کہ حزب اللہ سمیت تمام مزاحمتی قتوں کو صہیونی دشمن کی جارحیت کا جواب دینے کا حق ہے۔ دشمن کی جارحیت اور مظالم کو اسی طرح روکنے پرمجبور کیا جاسکتا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ فلسطین اور لبنان کی مزاحمتی قوتوں کے ہاتھ دشمن کے سامنے بندھے نہیں رہیں گے بلکہ ہم پوری قوت کے ساتھ ہرمحاذ پرصہیونی دشمن کا جواب دیں گے۔