اتوار, دسمبر 22, 2024
اشتہار

ایئر پورٹس پر بزرگ ، خواتین اور خصوصی افراد کے لیے خصوصی سہولت

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: وزیر اعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر سول ایوی ایشن نے بزرگ ،خواتین اور خصوصی افراد کے لیے بہتر سہولیات کی فراہمی کی خاطر اقدامات شروع کردیے۔

تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے باقائدہ نوٹی فکیشن جاری کیا گیا ہے جس کے تحت ملک بھر کے ایئر پورٹس پر بزرگ افراد، نو مولود بچوں کے ہمرا ہ خواتین اور خصوصی افراد کو خصوصی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

سول ایوی ایشن کی جانب سے جناح انٹر نیشنل ایئرپورٹ سمیت ملک بھر کے ایئرپورٹس کے لیے 9 نکاتی ہدایت نامہ جاری کردیا گیا ہے۔ حکم نامے کے تحت عمر رسیدہ، خصوصی افراد، اور خواتین جن کے ساتھ دو سال سے کم عمر بچے ہوں ، ان کو ترجیحی بنیادوں پر سہولیات فراہم کی جائیں گی اور اس مقصد کے لیے کراچی ایئرپورٹ پر اعزازی سہولت کے کاونٹر بھی قائم کردیئے گئے ہیں۔

- Advertisement -

سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اے ایس ایف ،کسٹمز اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہدایت جاری ہے کہ تلاشی کے دوران مذکورہ بالا افراد کے سامان کا خیال رکھا جائے۔

ساتھ ہی ساتھ عوام کو سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے کراچی سمیت مختلف ایئرپورٹس پر ملازمین اپنی سرکاری فرائض کی ادائیگی کے دوران موبائل فونز کے استعمال پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

حکم نامے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کوئی بھی ملازم پان ،گٹکا یا نسوار کھاتے ہوئے پکڑا گیا تو اس کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ پاکستانی ہوا بازی کی مثبت شناخت اجاگر کرنے کے لیے عملے کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ ایئرپورٹ پر مسافروں کی آمد اور روانگی کے کاونٹر پر ان سے خوش اخلاقی سے پیش آئے۔

یاد رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے ملک میں سیاحت کے فروغ اور معاشرے کے مذکورہ بالا طبقات یعنی بزرگ ، خواتین اور خصوصی افراد کے لیے ایئر پورٹس پر سہولیات فراہم کرنے کے لیے خصوصی ہدایات جاری کی تھیں جن پر عمل در آمد شروع ہوگیا ہے۔

Comments

اہم ترین

محمد صلاح الدین
محمد صلاح الدین
محمد صلاح الدین اے آروائی نیوز سے وابستہ سینئر صحافی ہیں اور ایوی ایشن سے متعلقہ امور کی رپورٹنگ میں مہارت رکھتے ہیں

مزید خبریں