سیول: وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ گوادر پورٹ کو ریل سے یورپین ریل نیٹ ورک سے ملانے کے لیے کام کر رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق شیخ رشید جنوبی کوریا کے دورے پر ہیں، جہاں انھوں نے اپنے اعزاز میں پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے دیے گئے عشائیے سے خطاب کیا۔
شیخ رشید نے کہا کہ سی پیک میں پاکستان ریلوے کے متعدد منصوبے شامل ہیں، ریلوے ٹریکس اور سگنلز کی اپ گریڈیشن اولین ترجیح ہے، کراچی تا پشاور ٹریک کو 5 سال میں ہائی اسپیڈ میں تبدیل کیا جائے گا۔
انھوں نے کہا کہ کورین سرمایہ کار اور تاجر پاکستان میں سرمایہ کاری کریں، ریلوے سمیت تمام شعبوں میں سرمایہ کاری کے لیے ماحول ساز گار ہے، دنیا بھر سے سرمایہ کار پاکستان کا رخ کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: شیخ رشید کی کورین وزیر ریلوے کو سرمایہ کاری اور شراکت داری کی دعوت
وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم نے جرأت اور بے باکی سے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کیا، دنیا مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر کھل کر بات کر رہی ہے، پہلی بار لندن میں احتجاجی مارچ ہوا۔
شیخ رشید نے کہا کہ او آئی سی اور یورپی پارلیمنٹ جیسے پلیٹ فارمز پر کشمیر کا زیر بحث آنا وزیر اعظم کے بیانیے کی جیت ہے، کشمیر پاکستان اور پاکستانیوں کی شہ رگ ہے، پاکستان کشمیر کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گا، مسئلہ کشمیر حل کے قریب پہنچ چکا ہے۔
وفاقی وزیر نے پورے یقین کے ساتھ کہا کہ مسئلہ کشمیر یو این قراردادوں اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل ہوگا۔