مظفرآباد: صدر آزاد جموں و کشمیرسردار مسعود خان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے کہا آزاد کشمیرپرحملہ پاکستان پرحملہ تصور کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے کہا کہ آج شہدائے پاکستان اور لواحقین کوخراج عقیدت وتحسین پیش کرنے کا دن ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لیے پاکستان نے 6 جنگیں لڑیں، پاکستان کشمیر کے لیے سیاسی وسفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔
صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ 1965میں بھارت نے پاکستان کوللکارنے کی سنگین غلطی کی تھی، پاکستانی قوم مثال اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوئی۔
سردار مسعود خان نے کہا کہ بھارت نے 5 اگست کو پھرمقبوضہ کشمیراورخطے پرحملہ کیا، پاکستان کی جانب سے بھارت کو بھرپور اور منہ توڑجواب دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کہا آزاد کشمیر پرحملہ پاکستان پرحملہ تصورکیا جائے گا، آرمی چیف نے کہا خون کے آخری قطرے تک کشمیریوں کے لیے لڑیں گے۔
صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ بھارت تشدد اور ظلم سے کشمیریوں کی آواز دبانا چاہتا ہے، ہمیں یقین ہے پاکستان ہرصورت میں کشمیریوں کا ساتھ دے گا۔
ملک بھرمیں یوم دفاع کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے منایا جا رہا ہے
واضح رہے کہ ملک بھر میں یوم دفاع یوم یکجہتی کشمیر کے طور پر منایا جا رہا ہے جس کا مقصد وطن عزیز کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کے ساتھ ساتھ بھارت مقبوضہ کشمیر میں مظلوم کشمیریوں کے ساتھ پاکستانی عوام کی حمایت کا اعادہ کرنا ہے۔