لاہور : امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ او آئی سی مسئلہ کشمیر کے ماحول کو ایک تماشائی کے طور پر دیکھ رہا ہے، بھارت کے عزائم نہ صرف کشمیر بلکہ پاکستان کیلئے بھی خطرناک ہیں۔ ا
ن خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ اب کشمیر کے لوگ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوگئے ہیں۔
سید علی گیلانی نے بھی کہا ہے کہ بھارت ہمارے لئے قتل گاہ تیار کررہا ہے، ہمارا تعلق کشمیریوں کے ساتھ ایک جان کا ہے۔ ہماری شہ رگ ان کے ہاتھ میں ہے جو کٹ رہی ہے۔ ہمارے سامنے مائیں اور بیٹیاں دم توڑ رہی ہیں، ہم اُن کے ساتھ عملی تعاون کریں۔
سراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بستیاں ویران اور قبرستان آباد ہوچکے ہیں، او آئی سی بھی اس سارے معاملے کو ایک تماشائی کے طور پر دیکھ رہا ہے، سلامتی کونسل نے بحث کی لیکن اس کا بیانیہ سامنے نہیں آیا۔
یہ امتحان ہماری صلاحیت کا ہے کہ ہم صرف تماشا کریں گے یا عملی اقدام بھی کریں گے۔امیرجماعت اسلامی نے کہا کہ بھارت میں اقلیت سکھ اور ہندو دلت برادری بھی خطرہ میں ہے، برہمن ٹولے نے نہ صرف کشمیر بلکہ پورے بھارت پر قبضہ جما کر اقلیتوں کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔