دبئی: متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں ڈالر سے بھرے باکس کی ویڈیو وائرل ہوئی جس کی وضاحت دبئی پولیس نے کردی ہے۔
گلف نیوز کی رپورٹ کے مطابق دبئی پولیس نے ڈالر سے بھرے باکس کی ویڈیو وائرل ہونے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک افریقی گینگ ویڈیو کا کلپ ایک شخص کو بلیک میل کرنے کے لیے استعمال کررہے تھے جس نے ان کے جھانسے میں آنے سے انکار کردیا تھا۔
دبئی کے ڈائریکٹر آف سیکیورٹی میڈیا کرنل فیصل القاسم کے مطابق افریقی ملزمان نے اس شخص سے سوشل میڈیا پر رابطہ کیا اور اس کی رقم دگنا کرنے کا کہہ کر اسے دھوکا دینے کی کوشش کی اور اسے ویڈیو جعلی ڈالروں سے بھرے باکسز دکھائے۔
کرنل القاسم کا کہنا تھا کہ وہ شخص ملزمان کی باتوں میں نہیں آیا اور اس نے سارے واقعے سے پولیس کو آگاہ کیا، پولیس نے کامیابی کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ڈائریکٹر دبئی پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ جعلسازوں کے جھانسے میں نہ آئیں اور کسی بھی اجنبی شخص کو اپنے اکاؤنٹ اور کریڈٹ کارڈز کی معلومات نہ دیں۔
دبئی پولیس کا کہنا ہے کہ اس طرح کے واقعات کی اطلاع ہمارے ایمرجنسی نمبر 999، دبئی پولیس کال سینٹر 901 اور پولیس آئی دبئی پولیس ایپ پر دیں۔